ہیلتھ


میرے گھٹنوں میں بہت درد رہتا ہے۔دوا جب تک کھائوں آرام رہتا ہے جیسے ہی چھوڑوں پھر سے شروع ہو جا تا ہے۔مجھے کوئی ایسا قدرتی علاج بتائیں تاکہ کم از کم دوائوں کے سائیڈ افیکٹس سے تو بچی رہوں۔(حمیدہ بیگم ،راولپنڈی)

 گھٹنوں میں درد رہنا ان دنوں ایک عام بات ہے۔ یوں تو گھٹنوں میں درد رہنے کی شکایت عموماً عمررسیدہ افراد کو رہتی ہے لیکن آج کل خوراک میں کیلشیم اور دیگر غذائی اجزا کی کمی کے باعث کم عمری میں بھی ہڈیاں اور جوڑ درد کرنے لگتے ہیں۔مردوں سے زیادہ عورتیں اس تکلیف سے دو چار رہتی ہیں۔ 

یہ درد گھٹنے کے کسی خاص حصے میں بھی ہو سکتا ہے اور پورے گھٹنے میں بھی۔ان گھریلو ٹوٹکوں سے اس درد میں کافی حد تک راحت مل سکتی ہے۔ خاص طور سے اگر درد ہلکی نوعیت کا ہو تو ان طریقوں کو ضرور آزما کر دیکھیں۔

ہڈیوں کا درد دور کرنے کا سب سے پرانا اور آزمود ہ طریقہ درد والی جگہ کی سکائی کرنا ہے۔ کسی ٹھنڈی چیز سے گھٹنوں کی سکائی کرنے سے اس جگہ نسوں میں خون کی روانی کم ہوجاتی ہے جس سے سوجن کم ہوجاتی ہے۔ اس سے درد بھی کم ہو جاتا ہے۔ ایک مٹھی برف کے کیوب لے کرانہیں ایک پتلے تولیئے میں لپیٹ لیں۔ اس سے درد والی جگہ کی دو سے بیس منٹ تک سکائی کریں۔اس عمل کو دن میں دو سے تین بار دہرائیں۔

 دو کپ پانی میں دو چھوٹے چمچ سرکہ شامل کرلیں۔ اس سیال کو دن بھر میں تھوڑا تھوڑاکر کے پئیں۔ اس ٹانک کے روزانہ استعمال سے گھٹنوں میں درد میں کمی واقع ہو جائے گی۔ اس کے علاوہ گرم پانی کے ٹب میں ایک سے دو کپ سرکے کے شامل کرکے اس میں منٹ کے لیے گھٹنوں کو بھگونے سے بھی کافی فائدہ ہوتا ہے۔ زیتون کے تیل کو سرکے کے ساتھ ہم وزن ملا کر اس کا گھٹنوں پر مساج کرنا مفید ہے۔

 ادرک کا ایک چھوٹا ٹکڑا لے کر اسے ایک کپ پانی میں منٹ کے لیے ابال لیں۔اس چائے کو چھان کر اس میں تھوڑا سا شہد اور لیموں کے چند قطرے ڈال کر پی لیں۔ اس چائے کو دن میں دو سے تین بار پیا جا سکتا ہے۔

ادرک کے تیل سے گھٹنوں کی مالش بھی درد دور کرنے میں معاون ہو سکتی ہے۔ایک چھوٹا چمچ پسا ہوا ادرک اور ایک چھوٹا چمچ ہلدی ایک کپ پانی میں ڈال کر منٹ کے لیے ابالیں۔اسے چھان کر تھوڑا سا شہد شامل کریں۔ اس سیال کو دن میں دو بار استعمال کریں۔گرم دودھ میں ایک چھوٹا چمچ ہلدی اور تھوڑا سا شہد ڈال کر بھی گھٹنوں کا درد دود کرنے کے لیے پیا جاسکتا ہے۔

 ایک سے دو لیموں لے کر انہیں چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔ان ٹکڑوں کو ایک ململ کے کپڑے میں باندھ لیں۔اس پوٹلی کو تل کے گرم تیل میں تھوڑی دیر کے لیے بھگو دیں۔ پھر گھٹنوں پر رکھ کر دس سے پندرہ منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔

روزانہ صبح گرم پانی میں لیموں کا عرق ڈال کر نہار منہ پینا گھٹنوں کے درد میں راحت دیتا ہے۔

٭…٭…٭