اسلام آباد ، راولپنڈی، بنوں ،جمرود (خصوصی نیوز رپورٹر ، نمائندہ 92نیوز ، 92 نیوزرپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک )شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد کے قریب دہشتگردوں نے ایف سی کی چیک پوسٹ پرحملہ کردیا۔آئی ایس پی آرکے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 2دہشتگردہلاک ہوگئے جبکہ ایف سی کے لانس نائیک عمران شہید اور2سپاہی زخمی ہوگئے ۔لانس نائیک عمران شہیدکی عمر31سال تھی ، وہ شادی شدہ تھے اوران کا تعلق جمرودضلع خیبرسے تھا۔ بعدازاں شہیدلانس نائیک عمران کو فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی علاقے میں سپرد خاک کردیا گیا۔نماز جنازہ میں علاقے کے لوگوں اور فوجی حکام نے شرکت کی۔ادھر بھارتی فورسزنے ایک بارپھرکنٹرول لائن پربلااشتعال فائرنگ کردی۔آئی ایس پی آرکے مطابق بھارتی فوج نے رکھ چکری اور راولاکوٹ سیکٹرز پر بلااشتعال شدید فائرنگ کی۔بھارتی فورسزنے پاکستانی چوکیوں پر مارٹرگولے برسائے ۔پاک فوج نے بھارتی فورسزکومنہ توڑجواب دیااور متعددبھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2افسرزخمی ہوگئے ،زخمیوں میں ایک میجراورایک کیپٹن شامل ہیں۔دریں اثنا ہندی خیل جانی خیل لاری اڈہ دینی مدرسہ کے قریب سے بارودی مواد بر آمد کیا گیا سکیورٹی فورسز نے علاقہ کو گھیرے میں لیکر بی ڈی ایس سکواڈ کو طلب کیا جس نے بارودی مواد کو ناکارہ بنا دیا ۔