Common frontend top

اشرافیہ کو این آر او دیدیں گےتو نظام نہیں چل سکتا: وزیر اعظم

بدھ 04  اگست 2021ء





اسلام آباد (وقائع نگار؍سپیشل رپورٹر؍ نیٹ نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اشرافیہ کو این آر او دیدیں گے تو نظام نہیں چل سکتا، اشرافیہ کی چوری ملک تباہ کر دیتی ہے ، سیاسی کیریئر کے آغاز پر پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے شمولیت کی دعوت دی تھی، دونوں کی کرپشن ختم کرنے کیلئے ہی سیاست میں آیا تھا۔اسلام آباد میں کتاب کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا برطانیہ میں کسی سیاست دان پرکرپشن کا الزام لگ جائے تواسے کسی تقریب میں نہیں بلایا جاتا، اگرکرپٹ لوگ ٹی وی چینل پرآجائیں توان کا وہ حال ہوتا ہے جواسحاق ڈارکا ہوا۔انہوں نے کہا منی لانڈرنگ کا براہ راست اثر کرنسی پر اثر پڑتا ہے ، سارے غریب ملکوں کا یہی حال ہے ، غریب ملکوں میں حکمران طبقے نے پیسوں کو لوٹا، جب اشرافیہ کو این آر او دیدیں گے تو پھر نظام نہیں چل سکتا،انسانی معاشرہ تب بنتا ہے جب قانون کی حکمرانی ہو۔عمران خان نے کہا جن معاشروں میں قانون، انصاف نہ ہو، وہاں امیر طبقہ آگے آ جاتا ہے ، پٹواریوں کی کرپشن نہیں، حکمران اشرافیہ کی چوری سے ملک تباہ ہوتا ہے ، اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق غریب ملکوں سے ہر سال ایک ہزار ارب منی لانڈرنگ ہوتی ہے ، منی لانڈرنگ غریب نہیں، حکمران اشرافیہ کرتی ہے ۔انہوں نے کہا دوپارٹیوں کومیں نے چیلنج کیا تھا، نوازشریف، بے نظیرنے بھی مجھے پارٹی جوائن کرنے کا کہا تھا، میں توان دوپارٹیوں کوچیلنج کرنے آیا تھا،میرا سیاست سے کوئی تعلق نہیں تھا، سیاست میں میرے خاندان کا کوئی فرد نہیں تھا۔انہوں نے کہا نوازشریف کو کرکٹ کا بہت شوق تھا، وہ حادثاتی طور پر وزیراعظم بن گئے ۔وزیراعظم نے کہا جب یہ پیسہ چوری کرتے ہیں تومنی لانڈرنگ کے ذریعے باہر بھیجتے ہیں، پاکستان میں ظلم کیا گیا لوگ 35 سالوں میں آہستہ، آہستہ کرپشن کو قبول کر چکے ہیں۔نواز شریف اور آصف زرداری پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہتے ہیں کھاتا ہے تولگاتا بھی ہے ، کہتے ہیں ایک زرداری سب پربھاری، انہوں نے پیسے چوری کئے ہیں، جب معاشرے میں برائی کوبرا نہ سمجھا جائے توقومیں تباہ ہوجاتی ہیں، پاکستان میں اخلاقیات کوتباہ کردیا گیا۔عمران خان نے کہااشرافیہ کہتی ہے جو مرضی کریں ،ہاتھ نہ ڈالو، ہاتھ ڈالو گے توحکومت گرادیں گے ۔انہوں نے کہا جس لیڈرکی چھٹیاں، شاپنگ باہر ہو ،اسے پاکستان کی سیاحت کے بارے کیا پتا۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں پولیو پر قابو پانے کے لئے صوبائی چیف سیکرٹریز اور 22 ہائی رسک اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے ورچوئل اجلاس کی صدارت کی۔وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اللہ کا شکر ہے کہ 6 ماہ میں ملک بھر میں پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا،اس لئے فی الحال ہمارے پاس ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کا ایک نادر موقع ہے ۔ وزیر اعظم نے تمام ہائی رسک اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور پاکستان کو پولیو کے عفریت سے نجات دلانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے وائرس سے ہنگامی بنیادوں پر نمٹا جائے ۔وزیراعظم سے صدر عادل بن عبدالرحمان الاسومی کی قیادت میں عرب پارلیمنٹ کے وفد نے ملاقات کی۔وزیراعظم نے وفدسے گفتگوکرتے ہوئے فلسطینی اورکشمیرکے حل کیلئے مسلم امہ کے درمیان یکجہتی پرزور دیااورکہافلسطین اورجموں کشمیر جیسے تنازعات مسلم اورعرب دنیامیں عدم اطمینان کی بنیادی وجہ ہیں،مسلم امہ کومتحدہو کرکشمیراورفلسطینی مسئلے کودیکھناچاہئے ۔وزیراعظم سے جنوبی کوریا کے نائب وزیر کی قیادت میں وفدنے بھی ملاقات کی ۔ اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وفاقی کابینہ نے وزرا کی تنخواہوں میں اضافے کو مسترد کر دیا، ممنوعہ اسلحے کے لائسنس کے اجراء کا اختیار وزیر داخلہ یا سیکرٹری جبکہ غیر ممنوعہ اسلحہ لائسنس کے اجراء کا اختیار وزیر داخلہ، سیکرٹری وزارتِ داخلہ یا ایڈیشنل سیکرٹری (ایڈمن) کو دینے کی تجویز، امریکی حکومت کی درخواست پر فراڈ کے مقدمے میں مطلوب مجاہد پرویز کو امریکہ کے حوالے کرنے کی منظوری دیدی۔تفصیلات کے مطابق منگل کو وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم عمران خان کی صدارت میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں 20 سے زائد ایجنڈا نکات پر تبادلہ خیال اور منظوریاں دی گئیں ۔ ایجنڈے کے مطابق کابینہ نے ایڈمنسٹریٹر اے پی او اور ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر اے پی او اسلام آباد اور ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کراچی تعیناتیوں کی منظوری دی۔محمد سلیم کو ممبر نیشنل ٹیرف کمیشن ،محمد جبار خان کو سی ای او پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی ، سید آفتاب حیدر کو سی ای او پاکستان سنگل ونڈو تعینات کرنے کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے سندھ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں تبدیلیوں کی بھی منظوری دی۔ رابعہ جویری آغا اور عامر کراچی والا کو بطور انڈپینڈنٹ ڈائریکٹر نوٹیفائی کرنے جبکہ چند ڈائریکٹرز کو ڈی نوٹیفائی کرنے کی تجویز کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے امریکی حکومت کی درخواست پر فراڈ کے مقدمے میں مطلوب مجاہد پرویز کو امریکہ کے حوالے کرنے کی منظوری دی۔ مجاہد پرویز پر کرپشن اور قانون شکنی میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔کابینہ نے آئین کے آرٹیکل51کی شق (۳) کے تحت قومی اسمبلی میں مختلف صوبوں کی نشستوں کی تقسیم کے معاملے پر غور کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ چونکہ مردم شماری کے عبوری اور حتمی اعدادشمار میں کوئی خاص فرق سامنے نہیں آیا لہذا ان نشستوں کی تقسیم میں ردوبدل کی ضرورت نہیں ۔ کورونا وباء کے پیش نظر کابینہ نے وزارتِ نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشن اینڈ کوآرڈینیشن کی درخواست پر 61اشیاء کی درآمد پر ڈیوٹی کے نفاذسے استثنیٰ دینے کی منظوری دی تھی۔ کابینہ نے فیصلہ کیا کہ اس استثنیٰ کی مدت کو 31دسمبر 2021تک بڑھایا جائے گا۔کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا مختلف شہروں میں ویکسی نیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے ،تاہم کراچی اور حیدرآباد ویکسی نیشن میں سب سے پیچھے ہیں ،اس لئے سندھ حکومت کو چاہئے کہ کورونا پر قابو پانے کیلئے اپنی کارکردگی بہتر کرے ۔انہوں نے کہا انتخابی اصلاحات کیلئے 49 تجاویز مرتب کی ہیں،الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں پر اپوزیشن کو اعتراض ہے تو اپنی تجاویز دے ، پارلیمنٹ میں موجود اپوزیشن ارکان سے بات ہوگی ، بھگوڑوں سے نہیں،نوازشریف ،مریم نواز اور فضل الرحمان پارلیمانی نظام کا حصہ نہیں ہیں۔انہوں نے کہا ہماراموقف ہے جوپارلیمنٹ کے اندرلوگ ہیں، وہ پارٹی کولیڈ کریں، نواز شریف اور الطاف حسین پارٹی کی سربراہی نہیں کرسکتے ۔وزیر اطلاعات نے کہا نواز شریف اور مریم نواز نظام کو تباہ کرنا چاہتے ہیں جبکہ شہباز شریف کا نظام سے متعلق بیان خوش آئند ہے ۔ فواد چودھری نے بتایا کہ وزیراعظم ہاوَس کو پرائیویٹ فنکشن کیلئے دینے کا فیصلہ موخرکردیا گیا ، وزیراعظم ہاوَس یونیورسٹی کیلئے 32ارب روپے مختص کئے جاچکے ہیں، الیکشن کمیشن ممبران کی تقرری کیلئے وزیراعظم اپوزیشن لیڈرکوخط لکھ رہے ہیں، ملاقات کرنا ضروری نہیں ۔ انہوں نے کہا رواں سال 315 ارب روپے کے قرضے نوجوانوں کو دیئے جائیں گے ،کپاس کی فی من امدادی قیمت 5ہزار روپے مقررکی گئی ہے ۔

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں