Common frontend top

انسانی حقوق کے عالمی دن پر کشمیریوں نے یوم سیاہ منایا، بھارت قتل عام بند کرے : صدر، وزیر اعظم

بدھ 11 دسمبر 2019ء





لاہور؍ اسلام آباد؍ فیصل آباد؍ ملتان(خبرنگارخصوصی؍ سٹاف رپورٹر؍لیڈی رپورٹر؍ سپیشل رپورٹر؍وقائع نگار خصوصی؍سٹی رپورٹر؍ نمائندگان 92 نیوز) انسانی حقوق کے عالمی دن کو دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے یوم سیاہ کے طور پر منایا جبکہ مقبوضہ کشمیر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال بھی کی گئی۔دنیا بھر میں عالمی قوتوں کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی جانب مبذول کرانے کے لئے اجتماعات منعقد کئے گئے ، بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھیں اور سیاہ پرچم لہرائے گئے ۔مقبوضہ کشمیر میں کاروباری سرگرمیاں موقوف اور معمولات زندگی معطل رہے ، چپے چپے پر تعینات بھارتی فوج سے بے خوف کشمیریوں نے احتجاجی اجتماعات منعقد کئے اور مودی سرکار کی جارحیت کیخلاف شدید نعرے بازی کی اور عوامی مقامات پر سیاہ پرچم لہرائے ۔انٹرنیشنل کشمیر لابی گروپ کے پاکستانی اور کشمیری ارکان نے اسلام آباد میں فاختائیں آزاد کیں۔مشعال ملک کی زیرقیادت سینٹورس مال روڈ سے ڈی چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ مشعال ملک نے اپنے خطاب میں کہا کشمیر کا مسئلہ سیاسی اور انسانی حقوق کا مسئلہ ہے ۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لے ۔لاہور میں یوتھ فورم فار کشمیر کے زیر اہتمام پنجاب اسمبلی سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی۔جموں وکشمیرلبریشن سیل کے زیر اہتمام لاہور پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا۔فیصل آباد میں ڈپٹی کمشنر محمد علی کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔ملتان میں مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے زیراہتمام حسین گاہی چوک پر مظاہرہ کیا گیا۔جماعت اسلامی ملتان نے بھی کلمہ چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن اور نجی کالج ملتان کے زیراہتمام شمع بناسپتی و کوکنگ آئل اور ویز واش ملتان کے تعاون سے مظاہرے کا اہتمام کیا گیا۔بورے والا میں سول سوسائٹی کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی۔وہاڑی میں بھی کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے پرائیوئٹ سکولز اور کالجز، سوشل ویلفیئر، ڈسٹرکٹ بار کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی۔مظفرگڑھ میں کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے واک کی گئی۔ادھر بہاولپور،شجاع آباد،ڈیرہ غازی خان،سمہ سٹہ،لودھراں،رحیم یارخان،صادق آباد ودیگر شہروں میں بھی ریلیاں نکالی گئیں۔صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انسانی حقوق کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں مقبوضہ جموں کشمیر میں فوجی لاک ڈاؤن، کرفیو اور انسانی حقوق کی پامالیوں پرشدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خود اردیت اور آزادی کی مکمل حمایت کرتا ہے ، حکومت پاکستان انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لئے پرعزم ہے ۔وزیراعظم عمران خان نے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان حق خودارادیت کی جدوجہد میں کشمیریوں کیساتھ کھڑا ہے ، قابض بھارتی حکومت تمام انسانی و بین الاقوامی قوانین کے برعکس مقبوضہ وادی میں کشمیری جوانوں، بچوں اور عورتوں کا بہیمانہ قتل عام بند کرے ، ہم حق خود ارادیت کے لئے میدان عمل میں ڈٹے ہوئے جری کشمیریوں کو سلام پیش کرتے ہیں ،ہمیں عالمی ضمیر، عالمی قانون کے پاسداران اور سلامتی کونسل سے اپیل کرنی چاہئے کہ وہ مقبوضہ کشمیر پر بھارتی حکومت کے ناجائز قبضے کے خلاف اقدامات کریں۔وزیراعظم نے مزید کہا نبی اکر مﷺ نے انسانی حقوق کے تحفظ کا پیغام 1400 سال پہلے دیا، انسانی حقوق کے عالمی دن پر نبی اکر مﷺکا پیغام یاد رکھنا چاہئے ، حکومت بلا تفریق تمام شہریوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے ۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 80 لاکھ کشمیری بھارتی جبر و استبداد سے نجات حاصل کرنے کے لئے انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیموں اور اقوام عالم کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں