اسلام آباد(خبر نگار خصوصی؍خصوصی نیوز رپورٹر؍ نیٹ نیوز؍ این این آئی)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت اور عالمی برادری پر واضح کردینا چاہتا ہوں کہ اگر جنگ بندی لکیر کے اس پارعسکری حملوں میں نہتے شہریوں کے بہیمانہ قتل عام کا سلسلہ دراز ہوتا ہے تو پاکستان کے لئے سرحد پر خاموش تماشائی بنے بیٹھے رہنا مشکل ہوجائے گا۔انہوں نے کہا قابض بھارتی افواج کے شدت پکڑتے اور معمول بنتے حملوں کے پیش نظر لازم ہے کہ سلامتی کونسل عسکری مبصر مشن کی مقبوضہ کشمیر میں فی الفور واپسی کیلئے بھارت سے اصرار کرے ، ہمیں بھارت کی جانب سے ایک خودساختہ؍ جعلی حملے کا سخت اندیشہ ہے ۔علاوہ ازیں وزیر اعظم نے اپنے ایک ٹویٹ میں بلاگ سائٹ کی ایک رپورٹ شیئر کی جس میں پاکستان کی حالیہ معاشی صورت حال کو ملائیشیا کی صورتحال سے تشبیہ دی گئی۔وزیر اعظم نے اس رپورٹ کو لکھا کہ اسلامی دنیا کے سب سے تجربہ کار اور کامیاب سیاستدان کو بھی بالکل اسی قسم کے مسائل سے سامنا رہا جن کا آج میری حکومت کو سامنا ہے ۔عمران خان نے کہا ان کی راہ میں بھی وہی سیاسی مافیا حائل ہوا جس نے اداروں کی تباہی کے ذریعے ملائیشیا کو قرض کی دلدل میں دھنسایا اور اس کا دیوالیہ نکال دیا۔