سرینگر (نیٹ نیوز،کے پی آئی ) مقبوضہ کشمیر میں ظالم اور قابض بھارتی فوج نے ریاستی دہشتگردی کا تسلسل جاری رکھتے ہوئے مزید5 نوجوانوں کو شہید کردیا ہے کارروائی میں 2بھارتی فوجی بھی جہنم واصل ہو گئے ۔بزدل فوج نے ضلع پلوامہ میں چاروں کشمیریوں کو شہید کیا ،نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کیا ،شہریوں نے بھارتی دہشتگردی کیخلاف مظاہرے کئے ،بھارتی پولیس نے الزام لگایا ہے کہ مارے جانے والے افراد کا کالعدم لشکرطیبہ سے تعلق تھا ، راجپورہ کے ہانجن گائوں کا محاصرہ جاری ہے ،پلوامہ میں مکمل ناکہ بندی ،موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل ہے ۔ ایک رپورٹ میں واضح کیاگیا ہے کہ جنوری1989سے گزشتہ ماہ جون تک بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ علاقے میں 95ہزار806 کشمیریوں کو شہید کیا، گزشتہ ماہ جون میں بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ علاقے میں 16بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا جبکہ فوجیوں نے رواں برس کے پہلے چھ ماہ کے دوران دو خواتین سمیت 68 کشمیریوں کو شہید کیا۔