Common frontend top

جعلی لائسنس والے 28پائلٹ برطرف: ارشد ملک ریٹائرمنٹ کے بعد بھی سی ای او پی آئی اے رہیں گے : وفاقی کابینہ

بدھ 08 جولائی 2020ء





اسلام آباد(سپیشل رپورٹر ، 92نیوزرپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک ، آن لائن )وفاقی کابینہ نے ایئر مارشل ارشد ملک کو پی آئی اے کا چیف ایگزیکٹو آفیسر تعینات کرنے کی منظوری دیدی۔پائلٹس کی مشکوک ڈگریوں سے متعلق جانچ پڑتال جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی جبکہ ایف اے ٹی ایف سے متعلق کمپنیز ایکٹ 2017 میں مجوزہ ترمیم کا معاملہ موخر کر دیا ۔منگل کو وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 16 نکاتی ایجنڈا زیر غور آیا۔ اجلاس میں ملکی سیاسی، معاشی اور سیکورٹی امور کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ وفاقی کابینہ کو مشکوک ڈگریوں والے پائلٹس کے معاملہ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ جعلی اور مشکوک ڈگریوں والے پائلٹس کو گراؤنڈ کردیا گیا۔مشکوک ڈگریوں کے معاملہ پر تحقیقات جاری ہیں۔ وفاقی کابینہ نے پائلٹس کی مشکوک ڈگریوں سے متعلق جانچ پڑتال جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔ ایف اے ٹی ایف سے متعلق کمپنیز ایکٹ2017 میں ترمیم کا معاملہ موخر کردیا گیا۔قیدی شارق رضا کی برطانیہ حوالگی کاایجنڈا واپس لے لیاگیا۔وفاقی کابینہ نے پی آئی اے کے سی ای او کی تقرری کی بھی منظوری دیدی۔وفاقی کابینہ کے فیصلے کے مطابق ائرمارشل ارشد ملک ایئرفورس سے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو رہیں گے ۔ ارشد ملک 12 جولائی کوایئر فورس سے ریٹائر ہوجائیں گے تاہم وہ کنٹریکٹ پرسی ای او پی آئی اے رہیں گے ۔ ارشد ملک کو تین سال کیلئے پی آئی اے کا چیف ایگزیکٹو مقرر کیا گیا تھا۔ کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات سینیٹرشبلی فرازنے کہا پی آئی اے کے جعلی لائسنس والے 28پائلٹس کونوکری سے نکال دیا گیا۔تمام مشکوک لائسنس پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے دور میں جاری ہوئے ۔ کابینہ کوکوروناسے متعلق تفصیلی طور پرآگاہ کیاگیا۔ کابینہ نے کورونا کی روک تھام کے حوالے سے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی کارکردگی کو سراہا۔اس امر پرخوشی کا اظہار کیاگیا کہ مختلف ممالک میںکوروناسے جو تباہی پھیلیاللہ کے فضل و کرم اور حکومتی حکمت عملی کے باعث پاکستاناس سے بچ گیا۔ وزیراعظم عید الاضحی گھر پر منائیں گے ، عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ گھروں میں رہیں۔ابتدا میں پاکستان میں کورونا ٹیسٹ کیلئے صرف 2 لیب تھیں،آج 129 لیب ہیں۔احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کیا تو عید الاضحیٰ پر وباپھیلنے کاخدشہ ہے ۔ کابینہ نے عیدالاضحی کے حوالے سے سخت ترین قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کی ہدایات جاری کی ہیں ۔وزیراعظم نے احساس پروگرام کادوسرا مرحلہ شروع کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ کابینہ نے بجٹ کی منظوری پر مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور انکی ٹیم کو مبارکباد دی۔کابینہ کو شوگر انکوائری کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں مزید کارروائی پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ صنعت و پیداوار نے بتایا کہ شوگر ریفارم کمیٹی تشکیل دینے کی باقاعدہ تجویز پیش کر دی جائے گی تاکہ وہ چینی کے نظام میں موجود خرابیاں دور کرنے کیلئے جامع سفارشات مرتب کر سکے ۔کابینہ نے کمپنیز ایکٹ 2017اور لمیٹڈ لائیبلٹی پارٹنرشپ ایکٹ 2017میں ترمیم کا ایجنڈا موخر کر دیا ۔منی لانڈرنگ کے قانون کو مزید موثر بنانے کی غرض سے کابینہ نے اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010کے سیکشن 42 میں پیشگوئی جرائم (Predicate Offence) میں شامل کرنے کی منظوری دی۔ اسلام آباد میں گھروں کی قلت پورا کرنے کے حوالے سے ایف بارہ اور جی بارہ سیکٹرز کو فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز اتھارٹی کو دینے کے حوالے سے مزید پیشرفت کے ضمن میں کمیٹی کی سفارشات کابینہ کے سامنے پیش کی گئیں جنہیں کابینہ نے منظور کیا۔ کابینہ نے نادرا اور انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کے مابین ری ایڈمیشن کیس منیجمنٹ سسٹم کے قیام کیلئے معاہدے کی منظوری دی۔ کابینہ نے منور حسین کو سی ای او ایگرو فوڈ پراسیسنگ فیسیلیٹیز ملتان ، سید سویل میکال حسین، عمران وحیدالدین اور مراد انصاری کوSTEDEC Technology Commercialization Corporation of Pakistan (Pvt) Ltd کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبران تعینات کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ نے قانونی مقدمات کی پیروی کیلئے ایف بی آرکو ماہر وکلاکی خدمات حاصل کرنے کی منظوری دی ۔روزویلٹ ہوٹل نیویارک کے حوالے سے کابینہ کمیٹی نجکاری کے 2جولائی کے فیصلوں کی توثیق کر دی گئی ۔کابینہ نے ڈرگ پرائسنگ پالیسی2018کو ڈرگ ایکٹ 1976کے مطابق بنانے کیلئے ترمیم کی بھی منظوری دی۔ شبلی فراز کا کہنا تھا Remdesivir Injectionکی مقامی سطح پر تیاری کے حوالے سے رجسٹریشن میں جان بوجھ کر تاخیر کی شکایت کی انکوائری رپورٹ کابینہ میں پیش کی گئی۔کابینہ نے 26 جون کو پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کی منظوری بھی دی ۔ کابینہ نے راحت کونین حسن کو چئیرمین مسابقتی کمیشن جبکہ شمائلہ لون اورمجتبیٰ لودھی کو تین سال کیلئے ممبران تعینات کرنے کی منظوری دی۔کابینہ نے ریاض میمن جو چئیرمین ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں، کو سٹیٹ لائف انشورنس کے بورڈ آف ڈائریکٹر میں شامل کرنے اور تین ماہ کیلئے چئیرمین سٹیٹ لائف کارپوریشن کی اضافی ذمہ داریاں سونپنے کی بھی منظوری دی۔اجلاس میں وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود کی والدہ کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور دعا کی گئی ۔

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں