لاہور،سمہ سٹہ ،اوچ شریف(خصوصی نمائندہ، نمائندہ خصوصی سے ،نامہ نگاران)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے سرکٹ ہاؤس بہاولپور میں اراکین پنجاب اسمبلی اورتحریک انصاف کے عہدیداروں نے ملاقات کی۔ملاقات میں کورونا وباء اورٹڈی دل سے نمٹنے کیلئے کیے جانے والے اقدامات ،جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت اور ترقیاتی منصوبوں پر بھی بات چیت ہوئی ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے الگ سیکرٹریٹ کے قیام کا وعدہ پورا کردیا ہے ، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کیلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اورایڈیشنل آئی جی کی تقرری کی منظوری دے دی ہے اور نوٹیفکیشن جاری کر دیاگیاہے ، تقرر جلد کردیا جائے گا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی بہاولپور اور ملتان میں تعینات ہوں گے ، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بہت جلد فنکشنل ہوجائے گا،جنوبی پنجاب کی محرومیاں دور کرنے کیلئے ہماری حکومت نے مثالی اقدام کئے ہیں،الگ سیکرٹریٹ کے قیام سے جنوبی پنجاب کے لوگوں کو کام کے سلسلے میں لاہور کا سفر نہیں کرنا پڑے گا، جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں کے عوام کی محرومیوں کوخوشحالی میں بدلیں گے ۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنیوالوں میں سمیع اللہ چودھری ،سید افتخار گیلانی،احسان الحق چودھری ،اصغر جوئیہ،احمد عثمان چنڑ، سمیرا ملک اوردیگرشامل تھے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب نے روجھان مزاری میری بنگلہ کا دورہ کیا۔ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری نے وزیراعلیٰ کا خیر مقدم کیا،وزیراعلیٰ نے میری بنگلہ میں دیوان خاص کا دور ہ بھی کیا،140سالہ پرانی عمارت میں نکاشی اور پچی کاری کے جا بجا نمونے ملتے ہیں، وزیراعلیٰ نے میری بنگلہ میں معززین اور عمائدین سے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ روجھان سمیت پنجاب کے ہر پسماندہ علاقے کی ترقی پر بھرپور نظر ہے ،روجھان جیسے پسماندہ شہر ترقی کریں گے تو پنجاب آگے بڑھے گا،ترقی کا عمل کورونا سے متاثر ضرور ہوا لیکن رکنے نہیں دیں گے ،ملاقات میں ارکان اسمبلی،مشیر حنیف پتافی، رکن پنجاب اسمبلی سردار احمد علی دریشک اور دیگر بھی موجود تھے ۔وزیراعلیٰ نے رحیم یارخا ن،روجھان، بونگ، صادق آباد، کوٹ سبزل سمیت مختلف علاقوں کا فضائی دورہ کیا ، ٹڈی دل کی صورتحال اور نقصانات کا جائزہ لیا۔وزیر اعلیٰ نے شہروں میں کو رونا کے حوالے سے ایس او پیز پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا،وزیراعلیٰ نے بازاروں میں ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر تشویش کا اظہار کیااورایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ایس اوپیز پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔ دریں اثنا وزیر اعلی ٰ سردار عثمان بزدار نے نان روٹی کی قیمت بڑھانے کے حوالے سے نشر ہونے والی خبر کا نوٹس لے لیا ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نان روٹی کی قیمت میں بلاجواز اضافہ برداشت نہیں کروں گا ،وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ نان روٹی کی مقرر کردہ قیمت میں دستیابی کے لیے ضروری انتظامی اقدامات کئے جائیں گے ۔