اسلام آباد(سپیشل رپورٹر؍92 نیوز رپورٹ) وزیرا عظم عمران خان نے کہاہے کہ ملک میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے بہترین نتائج موصول ہو رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹرکادورہ کیا اور اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ،عسکری حکام،وفاقی وزرا،معاونین اورصوبائی حکام نے بھی شرکت کی۔وزیراعظم کوکوروناکی صورتحال پرتفصیلی بریفنگ دی گئی۔ سمارٹ لاک ڈاؤن کے نتائج اوراین سی اوسی کی 100روزہ کارکردگی پر بھی وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم کو آئی ایس پی آر کی تیار کردہ دو ویڈیوز دکھائی گئیں۔ عمران خان نے کہاپوری قوم کو این سی او سی کے بروقت اقدامات پرفخر ہے ، کورونا صورتحال میں این سی اوسی نے اہم کردارادا کیا۔عمران خان نے کہاسمارٹ لاک ڈائون سے غریبوں کی زندگیاں متاثرکئے بغیرمرض پرقابوپانے میں مددملی،معیشت پرکم منفی اثرات مرتب ہوئے ۔وزیراعظم نے کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی بھی ہدایت کی۔یاد رہے کہ گزشتہ روز ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کا ڈیٹا مرتب کرنے اور دیگر اقدامات کرنے کے سلسلے میں قائم کئے جانے والے قومی کمانڈ آپریشن سنٹر کو 100 روز مکمل ہو گئے ۔این سی او سی نے کورونا کا بہادری اور عقل مندی سے مقابلہ کرنے پر قوم، باالخصوص ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو خراج تحسین پیش کیا۔ ادارے کی جانب سے کہا گیا کہ ہیلتھ کیئر ورکرز نے وبا کے دوران جرات و بہادری سے فرائض انجام دیئے ۔