Common frontend top

سینٹ کا انتخابی دنگل آج، ووٹنگ خفیہ ہو گی: خریدو فروخت روکنے کیلئے الیکشن کمیشن کا سیل قائم

بدھ 03 مارچ 2021ء





اسلام آباد،لاہور،سکھر ( 92 نیوز رپورٹ ، خبر نگار، نامہ نگار خصو صی ، مانیٹرنگ ڈیسک ، بیورورپورٹ ،صباح نیوز) سینٹ انتخابات ماضی کے طریقہ کار کے تحت آج ہونگے ،تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔اسلام آباد اور 3 صوبوں میں سینٹ کی 37نشستوں پرانتخابات ہوں گے ، قومی اسمبلی کی 2 ، کے پی کے اور بلوچستان کی 12، 12 جبکہ سندھ کی 11 نشستیں شامل ہیں،جبکہ پنجاب سے تمام سینٹرز بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں،37 نشستوں کے لیے دو ہزار 600سے زائد بیلٹ پیپرز کی چھپائی ہوئی ہے ، سینٹ انتخابات کے لیے سامان بھی پہنچادیا گیا، جنرل نشست کا بیلٹ پیپر سفید، خواتین کا پنک، ٹیکنوکریٹ کا سبز اور نان مسلم کا بیلٹ پیپر پیلے رنگ کا ہوگا،پولنگ صبح 9سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی، صوبوں کی نشستوں پرارکان صوبائی اسمبلی ووٹ ڈالیں گے ،الیکشن کمیشن کے عملے نے قومی اسمبلی ہال کاچارج سنبھال لیا، اسلام آباد کی دو نشستوں کیلئے 800 بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں ،اسلام آباد کی ایک جنرل اور ایک خواتین نشست پر پی ٹی آئی اور متحدہ حزب اختلاف کے درمیان براہ راست مقابلہ ہے اور جنرل نشست پر پی ڈی ایم کے یوسف رضا گیلانی اور پی ٹی آئی کے حفیظ شیخ کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے ۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے اپنے امیدوار کو جتوانے کیلئے آخری لمحا ت تک جوڑ توڑ جاری ہے ،آخری وقت میں سرپرائز دینے کا دعویٰ کیا گیا ہے ، تحریک انصاف کو قومی اسمبلی میں 180 ارکان کی حمایت حاصل ہے ۔دوسری طرف متحدہ اپوزیشن کے مجموعی اراکین کی تعداد 161 بن جاتی ہے ، یوں وفاق کی جنرل نشست پر اپوزیشن کو جیتنے کے لئے حکومتی اتحاد میں سے 10 ووٹ توڑنا ہوں گے ۔ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے اعلان کیا کہ سینٹ کے انتخابات کے لیے ایم این اے کارڈ لازمی ہوگا، جن ارکان کے پاس کارڈ نہیں ہوگا انہیں ووٹ کاسٹ نہیں کرنے دیا جائے گا۔دوسری جانب سینٹ انتخابات کے لئے (ن) لیگ کے صدر شہباز شریف ، لیگی رہنماخواجہ آصف اور پی پی رہنما خورشید شاہ کو اسلام آباد جانے کی اجازت مل گئی ۔ منگل کو احتساب عدالت لاہور اور احتساب عدالت سکھرنے تینوں اراکین اسمبلی کو سینٹ ووٹ کاسٹ کے لیے جانے کا حکم دے دیا۔دریں اثناچیف الیکشن کمشنرسکندرسلطان راجہ کی زیرصدارت اجلاس کے بعد اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ وقت کی کمی کے باعث آئین و قانون کے مطابق ماضی کے طریقہ کار کے تحت سینٹ انتخابات کرائے جائینگے ،سینٹ انتخابات میں کرپٹ پریکٹس روکنے کیلئے خصوصی مانیٹرنگ سیل قائم کر دیا گیا ۔ سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ موصول ہو چکا ،، سپریم کورٹ رائے میں کہہ چکی ہے کہ سینٹ انتخابات آئین کے مطابق خفیہ بیلٹ سے ہونگے ،الیکشن کمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال کرے گا،ٹیکنالوجی کے استعمال کیلئے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی،کمیٹی کی سربراہی سپیشل سیکرٹری کرینگے ، 3رکنی کمیٹی چارہفتوں میں رپورٹ دے گی، کمیٹی کو نادرا اوردیگراداروں تک بھی رسائی حاصل ہوگی۔

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں