اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،سٹا ف رپو رٹر،مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان کے 22ویں منتخب وزیراعظم عمران خان نے وزارتِ عظمیٰ کا حلف اٹھالیا۔حلف برداری کی تقریب ایوانِ صدر میں ہوئی، جہاں صدرِ مملکت ممنون حسین نے عمران خان سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔عمران خان تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے 10 بجکر 5 منٹ پر بنی گالہ سے ایوان صدر پہنچے ، جس کے بعد 9 بج کر 30 منٹ پر شروع ہونے والی حلف برداری کی تقریب کا آغاز 45 منٹ کی تاخیر سے ہوا۔تقریب کے آغاز میں قومی ترانے کی دھن بجائی گئی اور تمام شرکا بصد احترام کھڑے ہوئے ،جس کے بعد تلاوتِ کلام پاک سے تقریب کا باقاعدہ آغاز ہوا۔تلاوتِ کلام پاک کے بعد صدرِ ممنون حسین نے وزیر اعظم عمران خان سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔ وزیراعظم عمران خان نے حلف کی دستاویز پر دستخط کیا،حلف برداری کے بعد ایوان تالیوں سے گونج اٹھا اور مہمانوں نے عمران خان کو وزیراعظم بننے پر مبارک باد پیش کی۔تقریب حلف برداری میں عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر حیات، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ، 1992 کا ورلڈ کپ جیتنے والی قومی ٹیم کے ہیروز، سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو، اداکار جاوید شیخ، شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین، نعیم الحق، مراد سعید، ابرار الحق اور دیگر اہم سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔ حلف برداری کے بعد عمران خان وزیر اعظم ہاؤس پہنچے ، جہاں قومی ترانے کی دھن بجائی گئی اور انہیں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔اس موقع پر عمران خان اپنی روایتی انداز میں ہی نظر آئے اور انہوں نے اپنے چہرے پر مسکراہٹ برقرار رکھی،گارڈ آف آنر کے بعد عمران خان نے وزیر اعظم ہاؤس کے عملے اور دیگر ارکان سے ملاقات کی اور مصافحہ بھی کیا۔گارڈ آف آنر لینے کے بعد عمران خان وزیر اعظم آفس گئے جہاں انہوں نے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں اور حکومتی امور پر بریفنگ لی، عمران خان کی بطور وزیر اعظم تقرری کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے ۔ عمران خان کی بطور وزیر اعظم تقرری کا نوٹیفکیشن کابینہ ڈویژن نے جاری کیاجسے تمام وزارتوں اور ڈویژنوں میں بھجوادیا گیا ، عمران خان کی بحیثیت وزیراعظم حلف برداری کے ساتھ ہی نگران کابینہ تحلیل ہو گئی ۔بعدازاں وزیر اعظم عمران احمد خان نیازی سے کھلاڑیوں کے وفد نے ملاقات کی، وفد میں پاکستان کرکٹ کی ورلڈ کپ فاتح ٹیم کے کھلاڑی اور بھارت کے مشہور کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو شامل تھے کھلاڑیوں نے عمران خان کو وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی ۔اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے اپنی 20 رکنی کابینہ کی منظوری دے دی جس میں 15 وزیر اور 5 مشیر شامل ہیں ،وفاقی کابینہ کل حلف اٹھائے گی، تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فواد چودھری نے بتایا ہے کہ وزیراعظم نے 20 رکنی وفاقی کابینہ کی منظوری دے دی ہے جس میں 15 وفاقی وزیر اور 5 مشیر شامل ہیں۔ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق نئی کابینہ میں شاہ محمود قریشی وزیرِ خارجہ، اسد عمر وزیرخزانہ، شفقت محمود وفاقی تعلیم و قومی ورثہ ، پرویز خٹک وزارتِ دفاع،وزارتِ اطلاعات بیرسٹر فواد چودھری ، وزارتِ قانون ایم کیوایم کے رہنما بیرسٹر فروغ نسیم ،ڈاکٹرشیریں مزاری وزیر انسانی حقوق،شیخ رشید کو وزیر ریلوے ، نورالحق قادری کو وزارتِ مذہبی امور،غلام سرور خان وزیر پٹرولیم، زبیدہ جلال وزیر دفاعی پیداوار، فہمید ہ مرزا وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ، ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی، عامر کیانی وزیر نیشنل ہیلتھ سروسز اور طارق بشیر کو وزیر سیفران بنایا گیا ہے ۔ شہزادارباب کو مشیر اسٹیبلشمنٹ، امین اسلم کو مشیر ماحولیات، معروف صنعت کار عبدالرزاق داود مشیر کامرس، بابر اعوان کو پارلیمانی امور اورڈاکٹر عشرت حسین کو مشیر برائے ادارتی اصلاحات بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق وزارتِ داخلہ میں معاونت کے لئے دو مشیر رکھے جائیں گے جن کے لئے سابق انسپکٹر جنرل پولیس شعیب سڈل اور ناصر درانی کے نام زیرِ غور ہیں۔وزارت داخلہ،توانائی،صنعت تجارت وپیداوار، شماریات، نجکاری، ہاؤسنگ اینڈورکس، میری ٹائم افیئرز، اوورسیزپاکستانیز، پوسٹل سروسز، سائنس اینڈٹیکنالوجی ,آبی وسائل، مواصلات، کیڈ، وزارت موسمیاتی تبدیلی ، وزارت امورکشمیروگلگت بلتستان اورپارلیمانی امورکے انچارج وزیروزیراعظم ہوں گے ۔