اسلام آباد( خبر نگارخصوصی ؍ این این آئی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کچھ بھی ہوجائے حکومت وفاقی کابینہ کے اگلے اجلاس میں بنیادی غذائی اجناس کی قیمتوں میں کمی کے لئے مختلف اقدامات کا اعلان کرے گی۔وزیراعظم نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا مجھے ان مشکلات کا ادراک ہے جن کا تنخواہ دار طبقے سمیت مجموعی طور پر عوام کو سامنا ہے چنانچہ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ کچھ بھی ہوجائے ، میری حکومت منگل (11 فروری ) کو کابینہ کے اجلاس میں عوام کے لئے بنیادی غذائی اجناس کی قیمتوں میں کمی کیلئے خاطر مختلف اقدامات کا اعلان کرے گی۔انہوں نے کہا تمام متعلقہ حکومتی ادارے آٹے اور چینی کی قیمتوں میں اضافے کے اسباب کی جامع تحقیقات کا آغاز کرچکے ہیں۔وزیراعظم نے کہا قوم اطمینان رکھے ذمہ داروں کا بھرپور محاسبہ کیا جائے گا اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے گی۔علاوہ ازیں وزیراعظم سے وفاقی وزیر علی زیدی نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا صوبائی حکومت عدالتی فیصلے پر فوری عمل درآمد کرے ،حقائق کا عوام کے سامنے آنا ضروری ہے ۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں عزیربلوچ،نثارمورائی،سانحہ بلدیہ رپورٹس جاری کرنے کے عدالتی حکم پر بات چیت کی گئی۔ وفاقی وزیر نے چیف سیکرٹری سندھ کو لکھے گئے خط کے بارے میں آگاہ کیا اور کہا درخواست پر عمل نہ ہوا تو توہین عدالت کی کارروائی شروع کریں گے ۔