Common frontend top

قطر کا پاکستان میں 3 ارب ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان

منگل 25 جون 2019ء





دوحہ؍ اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر؍این این آئی) قطر نے پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری اعلان کیا ہے ۔قطر کے سر کاری میڈیا کے مطابق امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی ہدایت پر قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری اعلان کیا جو ڈیپازٹ اور ڈائریکٹ انویسٹمنٹ کی صورت میں ہوگی۔قطری نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے کہا دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری 9 ارب ڈالر کی ہوگی۔انہوں نے کہا قطر دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، معاشی، کھیل اور ثقافتی سطح پر مزید تعاون کے عزم کی یقین دہانی کراتا ہے ۔ مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے نئی قطری سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ شیخ تمیم بن حماد الثانی نے پاکستانی خزانے میں جمع کرانے اور سرمایہ کاری کیلئے 3 ارب ڈالرکا اعلان کیا ہے ، امیر قطر کا شکریہ ادا کرتا ہوں، دونوں ممالک کے تعلقات مزید بہتر کرنے کی یقین دہانی پر بھی امیر قطر کے شکرگزار ہیں۔وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے عوام اور حکومت کی جانب سے امیرقطر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ نئی پاک قطر ملکیت (اونر شپ) کے رشتے کا آغاز ہے جو دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا وزیراعظم عمران خان پوری دنیا میں پاکستان کے تشخص، وقار، قومی سلامتی اور دفاع کا مقدمہ لڑ رہے ہیں، پوری دنیا عمران خان پر اعتماد کر رہی ہے اور عالمی قیادت وزیراعظم کے ساتھ کھڑی ہے ، امیر قطر کا دورہ پاکستان بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ، پاکستان کو تنہا کرنے اور دیوار سے لگانے کا خواب دیکھنے والوں کو ناکامی کے سوا کچھ ملا اور نہ ہی ملے گا،سٹیٹس کو کا خاتمہ وزیراعظم عمران خان کا وژن اور پی ٹی آئی کی اولین ترجیح ہے ۔ 

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں