اسلام آباد(سپیشل رپورٹر ، 92 نیوز رپورٹ، صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے تحریک عدم اعتماد پر ہوم ورک مکمل ہے اور نمبر گیم پوری ہے ۔ وزیراعظم سے پی ٹی آئی ارکان قومی اسمبلی کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں کرنے والوں میں ریاض فتیانہ اور نصراﷲ دریشک شامل تھے ۔ ملاقات میں وفاقی وزرا بھی موجود تھے ۔ذرائع نے بتایا ملاقات کے دوران ممکنہ تحریک عدم اعتماد پرگفتگو کی گئی ۔ وزیراعظم نے کہا ارکان پراعتماد رہیں،سب کچھ ٹھیک ہے ، تحریک عدم اعتماد پر ہوم ورک مکمل ہے ، نمبر گیم پورے ہیں۔ اس دوران ارکان نے یقین دہانی کرائی کہیں نہیں جارہے ،ایسا سوچا بھی نہیں،آپ مطمئن رہیں۔ذرائع کے مطابق ارکان نے کہا ہم آپکی ٹیم کاحصہ ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا آپکی وفاداری پر یقین ہے ، پی ٹی آئی کے سب ارکان متحدہیں، تمام اتحادی بھی ہمارے ساتھ ہیں، اپوزیشن تحریک عدم اعتمادکاشوق پوراکرکے دیکھ لے اندازہ ہوجائے گا۔ وزیراعظم نے آسٹریلیا کے سابق سپنرشین وارن کے انتقال پررنج وغم کااظہار کیا۔ اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا شین وارن کے اچانک انتقال سے صدمہ ہوا،شین وارن جینئس بائولرتھے ،انہوں نے لیگ سپن کی آرٹ کونئی بلندیوں تک پہنچایا،دنیائے کرکٹ میں ان کی کمی محسوس ہوگی۔