اسلام آباد ( سپیشل رپورٹر ،92نیوز رپورٹ ،اے پی پی) پاکستان اور ازبکستان نے سکیورٹی ، اقتصادی، تجارتی، سائنس، تعلیم، انفارمیشن اور مذہبی سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے اور ٹرین رابطوں پر اتفاق کیا ہے ،ازبکستان کے صدر شوکت مرزا یوف کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کئی شعبوں میں 9 ایم او یوز اور معاہدوں پر دستخط کیے گئے ، تقریب میں وزیراعظم اور ازبک صدر بھی شریک ہوئے ۔وزیراعظم ہائوس میں ازبک صدر کے ساتھ ون آن ون ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہم ازبکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو مستحکم کر رہے ہیں ، گزشتہ ایک سال میں پاکستان اور ازبکستان کے مابین تجارت میں 50 فیصد جبکہ مشترکہ منصوبوں میں پانچ گنا اضافہ ہوا ، ہم نے ازبکستان کے ساتھ افغانستان کے راستے روابط بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے ، سیاحت اور تجارت میں اضافہ ہو گا ،دونوں ملکوں کے مابین افغانستان کے راستے ٹرین چلے گی جو وسطی ایشیائی ریاستوں کو گوادر پورٹ سے ملائے گی، فائدہ نہ صرف ازبکستان اور پاکستان کو ہو گا بلکہ زیادہ فائدہ افغانستان کو ہو گا، افغانستان کے منجمد اثاثوں کی بحالی اور تسلیم کرنے کیلئے ملکر کام کر ینگے ۔میں نے ازبک صدر کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کیا، ہم چاہتے ہیں کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کرتے ہوئے کشمیری عوام کو حق خود ارادیت کا حق دے اور وہاں بھارتی مظالم کو روکے ،اسلامو فوبیا کے حوالے سے ازبکستان اورپاکستان کا یکساں مؤقف ہے ، ناموس رسالتﷺ ؐ پر مسلم ممالک کو مل کر مہم چلانی چاہئے ،پاکستان اور ازبکستان ، افغانستان کے منجمد اثاثوں کی بحالی کیلئے مل کر کام کریں گے ۔ازبکستان کے صدر نے مہمان نوازی پر پاکستان کے عوام اور قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آنے کا بڑی شدت سے انتظار تھا لیکن کورونا کی وجہ سے تاخیر ہوئی، پاکستان کے ساتھ سٹرٹیجک تعاون کے فروغ کیلئے کام کر رہے ہیں،وزیراعظم کے ساتھ علاقائی و بین الاقوامی امور پر گفتگو تعمیری رہی،پاکستان کی سیاسی اور ثقافتی ترقی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ترجیحی تجارتی معاہدہ دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کو مضبوط بنانے کا موقع فراہم کرتا ہے ، وسطی ایشیاء سے مزار شریف، کابل اور پشاور ریلوے کی تعمیر پر مستقبل قریب میں کام شروع ہو گا، اس منصوبے سے وسطی ایشیا گوادر پورٹ سے منسلک ہو گا۔ وزیراعظم کے ساتھ ملاقات میں علاقائی سلامتی کا معاملہ بھی زیر بحث لایا گیا۔ ازبک صدر نے افغانستان کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ انسانی بنیادوں پر افغانستان کے منجمد اثاثے بحال کرے اور افغانستان کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مدد فراہم کرنا چاہئے ، ہم نے 10 انتہائی اہم معاہدوں پر بھی دستخط کئے ہیں ۔اس سے قبل ازبک صدر شوکت مرزا یوف کا اسلام آمد پر وزیراعظم اور دیگر شخصیات نے پرتپاک استقبال کیا ۔ازبک صدر کی صدر عارف علوی سے بھی ملاقات شیڈول ہے ۔ اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،92نیوز رپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک صرف کرپشن کی وجہ سے غریب اورتباہ ہوتے ہیں لیکن یہاں نیب میں پیشی پربڑے چوروں پرپھول پھینکے جاتے ہیں ،ایک چور اربوں روپے لوٹ کر باہر بھاگ گیا، وکلا کہہ رہے ہیں کہ نواز شریف پر سے پابندی ختم کرو اور انہیں ایک بار پھر الیکشن لڑنے کی اجازت دو، یہ ہے ہمارا معاشرہ؟ ۔ اسلام آباد میں رحمت للعالمینؐ اتھارٹی کو مکمل فعال بنانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے کرپشن کو قبول کرلیا اس لیے اپنے آپ کو تباہ کردیا،مغربی ممالک میں قوم کا پیسہ چوری کرنے کاکوئی سوچ بھی نہیں سکتا، فحاشی کی وجہ سے ہمارا فیملی سسٹم تباہ ہوگیا، معاشرے میں ماں باپ کی عزت نہیں رہ گئی ، قانون کی حکمرانی قائم کرنا جہاد ہے کیونکہ ہمارا مقابلہ مافیاز کے ساتھ ہے جو این آر او کیلئے بلیک میل کرتے ہیں ، نبی کریم ﷺ نے ہمیں جو پیغام دیا ہمیں اپنے بچوں اور نوجوانوں کو اس پیغام سے آگاہ کرنا ہو گا ، برطانیہ کی سوسائٹی ہم سے بہت آگے ہے ، وہاں ممکن نہیں کہ کوئی عوام کا پیسہ چرائے اور مقصود چپڑاسی کے نام پر اکاؤنٹ میں ڈال دے ۔ دوسری طرف وزیراعظم سے چودھری مونس الٰہی نے ملاقات کی ۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملکی موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔مونس الہٰی کی جانب سے ایک بار پھر اعادہ کیا گیا کہ ان کی بطور اتحادی حکومت کے ساتھ حمایت جاری رہے گی ۔ مونس الٰہی نے ٹویٹ کیا کہنسلوں سے ہمارے خاندان نے ہمیشہ وعدوں کا احترام کیا، وزیر اعظم اور اسد عمر سے ملاقات کی ، پاکستان کی بہتری کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اسدعمر کو ق لیگ سے کوآرڈی نیشن کا ٹاسک سونپ دیا ،وزیراعظم دیگر اتحادی جماعتوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے ۔