لاہور(جنرل رپورٹر)پنجاب میں سکول کھولنے کے حوالے سے صوبائی وزیرتعلیم ڈاکٹر مراد راس نے کہا ہے کہ اگر کورونا کے حوالے سے حالات بہتر ہوئے تو15اگست سے صوبہ بھر کے سکول کھول دیں گے اور مرحلہ وار کلاسز لگانے کی اجازت ہوگی لیکن سکولوں کو ایک دم ساری کلاسز لگانے کی اجازت نہیں ہوگی، پہلے مرحلے میں ضروری کلاسز لگانے کی اجازت دیں گے اور ایک وقت ایک کلاس میں 20 بچوں کو بیٹھنے کی اجازت ہوگی، اس سے زائد بچوں کو کلاس میں بٹھانے کی سختی سے ممانعت ہوگی۔ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ کورونا وائرس مرض میں مبتلا مریضوں کی شرح اوپر نیچے ہو رہی ہے ایسی صورتحال میں حکومت بچوں کی صحت اور زندگی کا رسک نہیں لے سکتی لہٰذا15جولائی سے سکول کھولنے کی اجازت نہیں دے سکتے ۔ نجی سکول میں جنسی ہراسگی کے معاملے پر اظہار خیال کرتے ڈاکٹر مرادراس نے کہا اس معاملے پر متاثر ہ طالبات اور والدین سے پیر کو ملاقات ہے ، امید ہے پیر کو طالبات کی جانب سے تحریری درخواستیں آجائیں گی۔