اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں )  چین سے طبی ماہرین کی ٹیم اور امدادی سامان لیکرخصوصی طیارہ پاکستان پہنچ گیا۔8 رکنی ٹیم 2ہفتے پاکستان میں قیام کرے گی اور پاکستانی ڈاکٹرز کو تربیت دے گی۔چینی حکومت کی طرف سے کرونا سے نمٹنے کی مہارت رکھنے والی8 رکنی طبی ٹیم اور امدادی سامان لیکر خصوصی طیارہ ہفتہ کو اسلام آباد پہنچا ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے چینی مہمانوں کا اسلام آباد ائیرپورٹ پراستقبال کیا اور طبی سامان وصول کیا۔ پاکستان میں چین کے سفیر بھی اس موقع پرموجود تھے ۔ وزیر خارجہ شا ہ محمود قریشی نے کہا پاکستان اور چین کی دوستی مثالی ہے ۔ چین نے ہمیشہ ہر مشکل میں پاکستان کا ساتھ دیا،دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کیساتھ کھڑے رہے ۔سامان بھجوانے پر چین کے شکرگزار ہیں ۔کرونا کو مل کر شکست دینگے ۔ہماری خواہش ہے ٹیسٹنگ کی صلاحیت کو دگنا کرلیں۔ ملک بھر میں وینی لیٹرز کی تعداد بڑھا رہے ہیں۔عنقریب وینٹی لیٹرز کی تعداد دگنا کرلیں گے ۔جلد واک تھرو گیٹ بھی تیار کریں گے ۔چینی ماہرین سے پوری طرح مستفید ہوں گے ۔چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کرونا کیخلاف چین نے بروقت امداد پہنچائی ہے ۔چین سے آنے والے سامان میں کرونا کی تشخیص کی ایک لاکھ 5ہزار کٹس شامل ہیں۔20لاکھ سے زائد ماسک اور 77ہزار میڈیکل کوربھی بھیجے گئے ہیں ۔چین نے 10ہزار حفاظتی لباس بھی بھجوائے ہیں۔ 217وینٹی لیٹرز،ادویات ، 50ہزار میڈیکل دستانے بھی سامان میں شامل ہیں۔علی بابا اور جیک ما فائونڈیشن 50ہزار کٹس، 5لاکھ ماسک پہلے ہی دے چکی ہے ۔خنجرات کے راستے 2ٹن ماسک، کٹس، وینٹی لیٹرز ، حفاظتی لباس بھی پہنچ چکا ہے ۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہاہے چین کرونا وائرس پر قابو پانے کی کوششوں میں پاکستان کی مدد کر رہا ہے ۔ چینی حکومت نے 4 ملین ڈالر کرونا وائرس کے علاج کیلئے الگ ہسپتال بنانے کیلئے بھی دئیے ہیں۔سنکیانگ حکومت نے اسلام آباد کیساتھ ساتھ حکومت سندھ کو بھی 50 ہزار ماسک فراہم کیے ۔چین سے نجی ذرائع سے ڈونیشن کی رقم بھی پاکستان پہنچ چکی۔ علی بابا فاؤنڈیشن اور جیک ما فاؤنڈیشن نے 50 ہزار ٹیسٹ کٹس اور 5 لاکھ ماسک عطیہ کیے ۔چین نے خنجراب پاس کے ذریعے 67 ملین روپے کے دوٹن ماسک ، ٹیسٹ کٹس ، وینٹی لیٹر ، حفاظتی لباس بھی مہیا کیے ۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا پاکستان چین سٹریٹجک تعاون پر مبنی تعلقات نے وزیر اعظم عمران خان اور صدر شی جن پنگ کی متحرک قیادت میں زیادہ مضبوطی اور گہرائی حاصل کی ہے ۔چین کے سفارتخانے کہا ہے چینی ٹیم پاکستانی طبی عملے کو کرونا کے علاج کے حوالے سے مہارت فراہم کرے گی۔ترجمان این ڈی ایم اے نے کہاہے پاکستان میں آج سے چین کی طرز پر زیادہ متاثرہ علاقوں میں کیمیائی سپرے کیا جائے گا۔این ڈی ایم اے نے ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں۔