Common frontend top

یہ مودی کا بھارت نہیں،اقلیتوں کا تحفظ ذمہ داری:پاکستان، اندرونی معاملات میں مداخلت پرسشما کوجواب

پیر 25 مارچ 2019ء





اسلام آباد،لاہور،ملتان،خانپور،میرپور ماتھیلو،گھوٹکی ( خصوصی نیوز رپورٹر،خصوصی نمائندہ،سپیشل رپورٹر،92 نیوزرپورٹ،نامہ نگار،آن لائن )سندھ کے علاقے ڈہر کی سے مبینہ طور پراغوا کی جانے والی لڑکیاں خان پورمیں منظرعام پر آگئیں، دونوں لڑکیوں نے دعویٰ کیاہے کہ انہوں نے مرضی سے اسلام قبول کرلیا،لڑکیوں کی درگاہ بھرچونڈی شریف میں قبول اسلام کی ویڈیو سوشل میڈیاپروائرل ہوگئی،لڑکیوں نے قبول اسلام کے بعد خانپور میں نکاح کر لیا،نومسلم لڑکیوں کا اسلامی نام آسیہ اور شازیہ رکھا گیا ہے ، دونوں لڑکیوں نے لاہور ہائی کورٹ بہاولپور بنچ میں تحفظ کی رٹ دائر کر دی ،ادھر ڈہرکی میں دونوں لڑکیوں کے اہلخانہ سراپا احتجاج ہیں، لواحقین نے لڑکیوں کے مبینہ اغوااوراسلام قبول کر کے نکاح کے خلاف تھانہ ڈہرکی کے سامنے احتجاج کیااوردھرنا دیا،لواحقین نے سوال اٹھایا کہ اگر ان کی بچیوں نے اسلام قبول کر کے پسند کی شادی کر لی تو انہیں عدالت میں پیش کیوں نہیں کیا جا رہا؟وزیراعظم عمران خان کے نوٹس کے بعد ڈہرکی پولیس نے لڑکیوں کے اغوا کا مقدمہ پانچ افراد کے خلاف درج کر تے ہوئے نکاح میں شریک ایک شخص کو گرفتارکرلیا،پولیس کے مطابق ڈہرکی تھانے میں دونوں لڑکیوں کے مبینہ اغوا کا مقدمہ درج کرایا گیا تھا تاہم 22 مارچ کو دونوں لڑکیوں نے منظر عام پر آکر نکاح کرلیا تھا،پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں بہنوں نے میڈیا کے سامنے اپنی مرضی سے نکاح کا اعتراف کیا ،وزیراعظم عمران خان نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو دونوں بہنوں کی بازیابی اور معاملے پر مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے کی ہدایت کی تھی،وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے بھی واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ مانگ لی۔وزیر خارجہ نے کہا پاکستان میں اقلیتوں کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے ، ہم میں اتنا حوصلہ ہے کہ ہم اپنی اقلیتوں کا تحفظ کرسکتے ہیں اگر سندھ میں ان کے ساتھ زیادتی ہوئی تو ہم ان کا مکمل تحفظ کریں گے ،دوسری جانب بھارتی وزیر سشما سوراج نے بذریعہ ٹویٹ بھارتی ہائی کمیشن سے معاملے کی رپورٹ طلب کی تو وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے انہیں بھرپور جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارا اندرونی معاملہ ہے ، یہ مودی کا بھارت نہیں جہاں اقلیتوں سے ناروا سلوک کیا جاتا ہے ، یہ عمران خان کا نیا پاکستان ہے ، یہاں اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں،ہم امید کرتے ہیں کہ آپ بھارتی اقلیتوں کے حقوق کے معاملہ پر بھی ایسا ہی ردعمل دیں گی ، فواد چودھری نے کہا پاکستان میں اقلیتیں ہمارے جھنڈے کا سفید رنگ ہیں اور ہمیں اپنے تمام رنگ عزیز ہیں اور اپنے پرچم کی حفاظت ہمارا فرض ہے ۔اس پربھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے سوشل میڈیا پر فواد چودھری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے تو اسلام آباد میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر سے کم عمر ہندو لڑکیوں کے اغوا اور انہیں زبردستی اسلام قبول کرانے سے متعلق رپورٹ طلب کی تھی،صرف اتنی سے بات آپ کو پریشان کرنے کے لیے کافی ہے ،ایسا کرنے سے ظاہر ہوتا ہے کہ آپ کا ضمیر گناہگار ہے ،فواد چودھری نے ایک بار پھر بھارتی وزیر خارجہ کو جواب دیتے ہوئے لکھا کہ مجھے خوشی ہے کہ بھارتی انتظامیہ میں بھی ایسے لوگ موجود ہیں جو دوسرے ممالک کی اقلیتوں کے حقوق کا خیال رکھتے ہیں، مجھے امید ہے آپ کا ضمیر آپ کو اس بات کی اجازت دے گا کہ آپ اپنے گھر میں بھی اقلیتوں کے لیے کھڑی ہوں گی، گجرات اور جموں کا اب بھی آپ کے ضمیر پر گہرا اثر ہو گا۔بعدازاں لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران سندھ سے ہندو لڑکیوں کی مبینہ طور پر زبردستی شادی کے واقعہ پر بات کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا وزیر اعظم نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب سے جواب طلب کیا ہے کیونکہ دونوں بچیوں کو رحیم یار خان منتقل کیا گیا اور اب اطلاع ملی ہے کہ انکو گوجرانوالہ بھیج دیا گیا ہے ،ذمہ داروں کا تعین کر کے کارروائی کی جائے گی،سندھ میں ہندو اقلیت کی خواتین کے مذہب تبدیل کرنے کی خبریں آ رہی ہیں،اس پر قانون بنائیں گے ،سشما سوراج کے ٹوئٹ پر کہوں گا کہ یہ ہمارا اندرونی معاملہ ہے ،اقلیتیں پاکستان میں بھارت سے کہیں زیادہ محفوظ ہیں،ہندو بچیوں کے معاملے پر ایکشن لیا تو کیا بھارت بھی یہ دعویٰ کرسکتاہے ،سشما سوراج گجرات اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں سینکڑوں لوگوں کے قتل عام کا جواب دیں،گائے گوشت حلال اور ہولی پرمسلمان بچوں کو مارا گیا ،آغاز اپنے گھر سے شروع کریں، جموں کشمیر اور اقلیت کاحق دیں ظلم بند کریں۔ادھر ہندو لڑکیوں کے مبینہ اسلام قبول کرنے سے متعلق وزیر اعظم کی جانب سے نوٹس لیے جانے کے بعد سندھ کے صوبائی وزیر اویس شاہ وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر ڈہرکی پہنچ گئے ،ڈہرکی پہنچنے کے بعد صوبائی وزیر نے لڑکیوں کے والدین سے ملاقات کی اور انہیں انصاف کی یقین دہانی کرائی۔ 

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں