مکرمی !سابق وزیر اعظم نواز شریف کو اسلام آباد ہائی کورٹ سے ضمانت پر رہائی مل گئی۔ اگلے مرحلے میں ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نام نکلوا کر انہیں بیرون ملک جانا ہے۔ابھی تو سابق وزیر اعظم نواز شریف کو اسلام آبادہا ئی کورٹ نے طبی بنیادوں پر رہائی کا فیصلہ دیا، ملک بھر سے دس ہزار بیمار قیدیوں کی رہائی کیلئے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست آگئی۔ عوام دوست پارٹی کے انجینئر محمد الیاس نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ ملک بھر میں مختلف بیماریوں میں مبتلا دس ہزار سے زائد قیدی سزا کاٹ رہے ہیں اور جیلوں میں قیدیوں کو علاج کی مناسب سہولیات بھی فراہم نہیں کی جا رہیں، آئین کے مطابق سب شہری برابر ہیں ان سے امتیازی سلو ک نہیں کیا جا سکتا ایسا کرنا آئین کی خلاف ورزی ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ نواز شریف کی طرح بیمار قیدیوں کو ضمانت پر رہا کر دیا جائے۔ درخواست چیف سیکرٹری پنجاب کو پہنچا دی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کا موقف سن کر قانون کے مطابق فیصلہ کریں۔قانونی معاملات پر قانون کے مطابق ہی فیصلہ آئے گا۔ سیاست نام ہی عوامی بھلائی کا ہے امید کی جا سکتی ہے اور دعا ہے ان عدالتی فیصلوں سے پاکستان کیلئے، پاکستانی عوام کیلئے خیر کا پہلو نکلے۔ نواز شریف کی ضمانت10ہزار بیمار قیدیوں کے لیے امید بن چکی ہے۔ میری ارباب اختیار سے گزارش ہے کہ آئین کے مطابق پاکستان کے تمام قیدیوں کو وہی طبی سہولیات فراہم کی جائیں (سلمان احمد قریشی)