لاہور (کامرس رپورٹر ) پیپلز پارٹی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات، پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضی نے کہا ہے کہ حکومت کے 100 دن پورے ہوگئے مگر وعدے پورے نہیں ہوئے ،جنوبی پنجاب صوبے کا وعدہ بھی پورا نہیں ہوا۔، وزرا سے کارکردگی کا پوچھا جائے تو چور چور کے نعرے لگ دیتے ہیں۔ پنجاب سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کی سیاست ایسے لوگوں کے ہاتھ میں ہے جنہوں نے سیاسی روایات کا رکھ رکھاؤ ختم کر دیا ۔ فیاض الحسن چوہان نے ماضی میں کئی سیاسی جماعتوں کی گود میں پرورش پائی ۔میں کہتا ہوں اگر بے نامی اکاؤنٹ پر زرداری نے اعتراف کر لیا تو آپ کارروائی کیوں نہیں کرتے ۔ خدا کیلئے کنٹینر سے اتر آئیں۔بتایا جائے 8 ارب کی ریپڈ بس شروع کرنے کا منصوبہ 80 ارب تک کیسے پہنچا۔ جہانگیر ترین کے ڈرائیور، باورچی کے بے نامی اکاؤنٹس کے بارے میں بھی بتائیں۔ ہمیں سندھ میں ایک اہلکار تبدیل نہیں کرنے دیا جاتا اور یہاں راتوں رات ایس پیز اور پولیس آفیسرز بدلے جاتے ہیں۔ ہمیں بتایا جائے عمران خان کا کچن کہاں سے چلتا ہے ۔