ٹوکیو( ویب ڈیسک) اوٹافوکو جاپان کے قدیم ترین اوڈین ریسٹورنٹس میں سے ایک ہے ۔ اس ریسٹورنٹ کی ایک وجہ شہرت یہ بھی ہے کہ یہاں 1945 سے ایک ہی شوربا استعمال کیا جا رہا ہے ۔ یعنی یہاں 1945 سے اب تک ہر روز پچھلے دن کے شوربے میں نیا پانی اور مسالہ جات ڈال کر نیا شوربا تیار کیا گیا جاتا ہے ، جس میں پچھلے دن کے شوربے کی تاثیر بھی باقی ہوتی ہے ۔اس شوربے کی مانگ میں دن بہ دن اضافہ بھی ہو رہا ہے ۔ اوڈین جاپان کا روایتی سٹیو (گوشت یا مچھلی کی ڈش) ہے اور اسے گاہکوں کو پیش کیے جانے تک شوربے میں پکایا جاتا ہے ۔ اوڈین سبزی اور گوشت کھانے والوں کو یکساں پسند ہے ۔اس میں ہر طرح کی چیزیں جیسے انڈے ، ٹوفو، سبزیاں اورہر طرح کا گوشت بھی شامل ہوتا ہے ۔لیکن اس کے ذائقے کا اصل راز اس کے شوربے میں ہوتا ہے ۔جاپان کے زیادہ تر ریسٹورنٹس اس کے لیے ماسٹر سٹوک پر انحصار کرتے ہیں۔ ماسٹر سٹوک وہ شوربا ہوتا ہے جسے گوشت کو پکانے یا گلانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے ۔ اس سے اوڈین کا ذائقہ بہت بہتر ہو جاتا ہے ۔ لیکن جاپان کے کسی بھی ریسٹورنٹ کا شوربا اوٹافوکو سے زیادہ قدیم نہیں۔ ٹوکیو میں واقع اوٹافوکو ، اوڈین کا سب سے قدیم ریسٹورنٹ ہے ۔ اس کی تاریخ 100 سالوں پر پھیلی ہوئی ہے ۔جاپان میں تمام اوڈین ریسٹورنٹس پرانا شوربا استعمال کرتے ہیں۔ ان ریسٹورنٹس کے لیے 10 سال پرانا شوربا استعمال کرنا تو عام بات ہے ۔تاہم 1945 سے اب تک ایک ہی شوربا استعمال کرنے والے اوٹافوکو کا کوئی مقابلہ نہیں کر سکتا۔ اسے اس وقت سب سے قدیم اوڈین سوپ بھی خیال کیا جاتا ہے ۔