مقبوضہ کشمیر میں پر تشدد کارروائیاں جاری، مزید5 نوجوان شہید، متعددزخمی: بھارتی مظالم سے برف بھی لہو رنگ ہو گئی، پاکستان

پیر 11 فروری 2019ء





سری نگر ، اسلام آباد (اے پی پی، این این آئی ، مانیٹرنگ ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں ضلع کولگام میں پانچ کشمیری نوجوانوں کو شہیداور احتجاجی مظاہرین پر فائرنگ کرکے درجنوں افراد کو زخمی کردیا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے کیلم میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔یہ کارروائی بھارتی فوج کی 9راشٹریہ رائفلز، سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے مشترکہ طورپر کی ۔فوجیوں نے آپریشن کے دوران دو مکان بھی تباہ کردیے ۔شہیدنوجوانوں کی شناخت وسیم بشیر راتھر، زاہد پرے ، ادریس بٹ، عاقب نذیر اورپرویز بٹ کے طورپر ہوئی ہے ۔ نوجوانوں کی شہادت پر علاقے میں زبردست احتجاجی مظاہرے ہوئے اور مظاہرین اور فورسز اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ بھارتی فوجیوں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے گولیوں، پیلٹ گنوں اور آنسو گیس کابے دریغ استعمال کیا جس سے درجنوں افراد زخمی ہوگئے ۔ پیلٹ سے زخمی ہونے والے کم ازکم دس افرادکو کولگام کے ڈسٹرکٹ ہسپتال میں داخل کیاگیا۔قابض حکام نے ضلع میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز معطل کردیں جبکہ جنوبی کشمیر میں ٹرین سروس بھی معطل کی گئی ہے ۔ دریں اثنا کشمیری رہنما مقبول بٹ کی برسی پر آج مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال کی جائے گی اور لال چوک سرینگر میں ایک احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا جائے گا ۔اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نام ایک یادداشت بھی بھیجی جائے گی۔ مشترکہ حریت قیادت کی اپیل پر شہیدمحمد مقبول بٹ اور شہید محمد افضل گورو کے درجات کی بلندی کیلئے مقبوضہ علاقے کی تمام مساجد میں خصوصی دعائیہ تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ قابض انتظامیہ نے سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق، اشرف صحرائی، یاسین ملک اور دیگر رہنمائوں کو محمد مقبول بٹ کی برسی پر احتجاجی مظاہروں کی قیادت سے روکنے لیے بدستور گھروں اور تھانوں میں نظر بند رکھا ہے ۔ مانچسٹر میں محمد افضل گورو کے یوم شہادت کے سلسلے میں ایک تقریب کے مقررین نے برطانیہ اور دیگر یورپی ممالک پر زوردیا ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کو حل کرانے کے لیے بھارت پر دبائو ڈالیں۔ تقریب کا اہتمام جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل نے کیا تھا۔ علاوہ ازیں پاکستان نے 5 نوجوانوں کی شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی جاری ہے ،مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم سے برف بھی لہو رنگ ہو گئی،ترجمان دفترخارجہ کے مطابق بھارت حواس باختہ ہو کر کشمیریوں کا قتل عام کر رہا ہے ، 5معصوم کشمیریوں کی شہادت سفاک ترین عمل ہے ،بھارتی فورسزانسانی اقداراورہرضابطے کی کھلی خلاف ورزی کر رہی ہیں۔ 

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں