کراچی (سٹاف رپورٹر)صدرمملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ کاروباروصنعتی سرگرمیوں کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے جبکہ سرمایہ کاروں کوراغب کرنے کیلئے بھی مؤثراقدامات عمل میں لائے گئے ،کراچی کی تعمیرو ترقی کیلئے اعلان کردہ 1100ارب روپے کے پیکیج سے بڑی تبدیلی آئیگی اورشہرکے انفرا سٹرکچرکو بہتربنانے کے ساتھ کراچی کے صنعتی علاقوں کے انفرا سٹرکچرکو بھی بہتربنایا جائیگا،یہ بات انہوں نے کراچی کے 7صنعتی ٹاؤن ایسوسی ایشنزکے صدور اور دیگرصنعتکاروں سے گورنرہاؤس میں ملاقات کے موقع پر کہی،اس موقع پرعمران اسماعیل بھی موجود تھے ۔صدر مملکت کو صنعتکاروں نے صنعتی زونزکی ابترصورتحال کے بارے میں بتایا اوردرخواست کی کہ 1100 ارب روپے کے کراچی پیکیج میں صنعتی علاقوں کوبھی شامل کیاجائے تاکہ انفراسٹرکچرکو بہتربنایا جاسکے ۔صدر نے کہا وہ کوشش کریں گے کہ تاجربرادری سے متواترملاقاتوں کا اہتمام کیا جائے ، کوشش کریں گے کہ کراچی کے صنعتی علاقوں کو درپیش بجلی،گیس،پانی کے مسائل حل کیے جائیں،انہوں نے صنعتکاروں سے کہا کہ وہ اپنے اپنے صنعتی زون کے انفرا اسٹرکچرکی بہتری کیلئے 2،2 ارب روپے کا پی سی ون بنا کربھیجیں اسکے بعد ہی کراچی پیکیج سے اسکی منظوری کیلئے کوئی پیش رفت ممکن ہے ،انہوں نے ہرصنعتی زون کو 2،2 فائر بریگیڈ کی گاڑیاں دینے کا بھی نوید سنائی۔قبل ازیں صدرعارف علوی سے گورنرسندھ عمران اسماعیل نے ملاقات کی جس میں بارشوں کے باعث صوبہ کے مختلف اضلاع کی صورتحال،امدادی کاموں کی ضرورت،ترقیاتی منصوبوں،کراچی ٹرانسفارمیشن پلان اورباہمی دلچسپی کے دیگرامورپرتفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔دریں اثناصدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کا دورہ کیا ،صدرکوسٹاک مارکیٹ کی کارکردگی پربریفنگ دی گئی،صدرمملکت نے کہا کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج خطہ میں سب سے بہترکارکردگی دکھا رہی ہے جو ملک کی مجموعی معاشی نموکی عکاسی کرتی ہے ،سٹاک ایکسچینج کارکردگی بتا رہی ہے کہ ملکی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے ،افغانستان میں امن اورتعمیرنو سے پاکستان کے سرمایہ کاروں اورتعمیراتی صنعت کیلئے مواقع پیدا ہوں گے ۔