برازیلیا(ویب ڈیسک) انٹرنیٹ پر گیمز کھیلنے والی معروف گیمر شینے وکٹوریو کو 116سال قید کی سزا سنا دی گئی ہے ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق وکٹوریو گزشتہ 10سال سے انٹرنیٹ پر گیمز کھیل رہی تھی اور آن لائن ریٹیلر کا کام بھی کر رہی تھی۔ اس کے خلاف 118لوگوں نے فراڈ کی شکایت درج کرائی جس پر اسے گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے اب اس کے خلاف فیصلہ آ گیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق وکٹوریو برازیل کی کئی آن لائن ٹیموں میں شریک ہو چکی تھی۔ وکٹوریو کے وکیل کا کہنا تھا کہ ہم اس سزا کے خلاف اپیل کریں گے ۔ یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ وکٹوریو پر لوگوں سے کتنی رقم لوٹنے کا جرم ثابت ہوا ہے ۔ وکٹوریو کو سزا تو سنا گی گئی ہے لیکن برازیل کے قوانین کے تحت اسے تب تک گرفتار نہیں کیا جا سکتا جب تک اس کی اعلیٰ عدالت میں اپیل پر فیصلہ نہیں آ جاتا۔