پاکستان نے منی لانڈرنگ کے عالمی نگران ادارے ایف اے ٹی ایف اعلامیہ پر دیا گیا بھارتی بیان مسترد کر دیا ہے‘ دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان مخالف بھارتی بیان ایف اے ٹی ایف کے معاملہ کو سیاسی سوچ دینے کا ثبوت ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ بھارت کو پاکستان سے ایسا ازلی بیر ہے۔جس کے اظہار کا وہ کوئی بھی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتا اور پاکستان جس عالمی فورم پر زیادہ مشکلات کا شکار ہوتا ہے وہ اچھے پڑوسی ملک کا کردار ادا کرنے کی بجائے وہاں بیان بازی کر کے جلتی پر تیل چھڑک کر معاملے کو مزید بگاڑ دیتا ہے۔ ایف اے ٹی ایف کے معاملے میں بھی اس نے ماضی کی طرح کینہ پروربیان دے کر ایف اے ٹی ایف کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ دفتر خارجہ کا یہ بیان بالکل بجا ہے کہ ہم نے بھارت کے حوالے سے اپنے خدشات کا اظہار کر دیا ہے اب ایف اے ٹی ایف کو چاہیے وہ بھارتی بیان بازیوں کو مسترد کرتے ہوئے منی لانڈرنگ کی روک تھام کے حوالے سے کی گئی پاکستانی کوششوں کو ملحوظ خاطر رکھے۔ گزشتہ سال کے اوائل میں ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو منی لانڈرنگ کے انسداد کے حوالے سے جو مہلت فراہم کی تھی پاکستان نے اس کا بھر پور فائدہ اٹھایا ہے۔ لہٰذا ایف اے ٹی ایف کو بھی چاہیے کہ پاکستان کی طرف سے کئے گئے اقدامات پر توجہ دے۔ دوسرے یہ کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ اس سلسلہ میں اپنی سفارتکاری اور لابنگ کو مضبوط بنائے تاکہ مستقبل میں بھارتی پراپیگنڈہ کا ہر فورم پر بھر پور طریقے سے جواب دیا جا سکے۔