لاہور،سندر،ساہیوال،عیسیٰ خیل ، کراچی(اپنے رپورٹر سے ،کرائم رپورٹر، نمائندگان 92 نیوز،سٹاف رپورٹر)صوبائی دارالحکومت وگردونواح میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا،موسلا دھار بارش کے دوران کرنٹ لگنے بچہ جاں بحق ہو گیا جبکہ چھت گرنے سے 10جانور ہلاک ہو گئے ۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز لاہور میں موسلا دھار بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آنے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔بتایا گیا ہے کہ جیل روڈ 34 ملی میٹر، لکشمی چوک 40 ملی میٹر، اندرون شہر 39 ملی میٹر، گلشن راوی 47 ملی میٹر اور سب سے کم بارش ائیر پورٹ کے علاقے میں 9 ملی میٹر تک ریکارڈ کی گئی جبکہ واسا کنٹرول روم کے مطابق سمن آباد میں سب سے زیادہ 54 ملی میٹر بارش ہوئی ہے ۔ کمشنر لاہور ڈویژن محمد آصف بلال لودھی نے بارش کے دوران نکاسی آب آپریشن کا جائزہ لینے کے لیے نیلا گنبد، لکشمی چوک، مال روڈ اور لارنس روڈ کا دورہ کیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز زیریں سندھ ، بالائی و وسطی پنجاب ، زیریں بلوچستان ، بالائی خیبر پختونخوا ، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیرمیں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج جمعہ کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہیگا ۔ تاہم بالائی پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، زیریں سندھ،شمال مشرقی بلوچستان، کشمیراورگلگت بلتستان میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ دوسری طرف گلشن راوی مون مارکیٹ میں بارش کے دوران سڑک پر نہانے کے دوران پانی میں کرنٹ آنے کی وجہ سے 13سالہ بچہ زین تڑپ تڑپ کر دم توڑ گیا ۔پولیس نے لاش ورثا کے حوالے کر دی ۔ سندر انڈسٹریل اسٹیٹ کے قریب بارش کے باعث باڑے کی چھت کرنے سے باڑے میں موجود 10 مویشی ہلاک ہوگئے ، مویشیوں میں بھینسیں اور اعلیٰ نسل کی گائیں شامل تھیں ۔عیسیٰ خیل کے نواحی علاقے نواں شہر میں 13سالہ وسیم خان ولد نور شاہ صحن میں کھیل رہا تھا کہ اچانک آسمانی بجلی کی لپیٹ میں آکر دم توڑ گیا۔دریں اثنا کراچی میں مون سون کا دوسراسپیل شروع ہو گیا، شہر کے مختلف علاقوں میں کالی گھٹائیں امڈ آئیں جس کے ساتھ ہی شہر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ بارش کے بعد شہرکا موسم خوش گوار ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ ہفتے کی دوپہر تک جاری رہ سکتا ہے ،سندھ کے متعددشہروں سے بعض نشیبی علاقے زیر آب آنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔