اسلام آباد (وقائع نگار، مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت نے عوام پر بجلی بم گرانے کی تیاریاں کر لیں،بجلی کی قیمت میں اضافے کی سمری تیار کر لی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق بجلی کی قیمت میں 3 روپے 75 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے ۔ بجلی صارفین سے اس اضافے کے تحت تقریباً چار سو ارب روپے ماہانہ اضافی وصول کیے جائیں گے ۔بجلی کے نرخوں میں اضافہ سال2016-17ء اور 17-18ء کیلئے تجویز کیا گیا ۔بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر حکومت کی جانب سے کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔ بجلی کی قیمت کے حوالے سے فیصلہ آج وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت ہونے والے ای سی سی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق نیپرا نے حکومت کو3 روپے 82 پیسے فی یونٹ اضافہ کی سفارش کی تھی تاہم بجلی کی قیمت میں 3 روپے 75 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے ۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ضمنی انتخاب سے قبل بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا ، وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیا گیا تھا کہ ضمنی انتخابات سے قبل بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو موخر کر دیا جائے کیونکہ اس اضافے سے ضمنی انتخاب میں پارٹی کو نقصان پہنچ سکتا ہے ۔ جس کے بعد فیصلہ کچھ روز کے لیے موخر کیا گیا۔