مکرمی! بلوچستان میں اس وقت انڈیا اور دیگر بیرونی طاقتیں کس طرح اپنا کھیل ، کھیل رہی ہیں،قومی سلامتی کے ادارے اس سے بخوبی واقف ہیں ، مچھ میں مزدوروں کا اغوا پھر سفاکانہ قتل اور اس کے بعد ہونے والا احتجاج بھی اسی کھیل کا حصہ ہے ، مچھ میں قتل ہونے والے افراد پاکستان کے شہری اپنے اپنے گھروں کی امید تھے ، لیکن سفاک درندہ صفت دہشت گردوں نے ان غریب گھرانوں کی امیدیں بجھا دی ، ہر مکاتب فکر کے لوگوں نے اس اندوہناک واقعے کی بھرپور مذمت کی اور کرنی بھی چاہئے تھی ، لیکن بدقسمتی سے کچھ لوگوں نے لاشوں پر سیاست کی ، اپوزیشن یعنی PDM نے بھی اس پر سیاست کرنے کی کوشش کی جو کہ افسوسناک ہے۔ پاکستان میں دہشت گردی کم ہوئی ہے ، قومی سلامتی کے اداروں ، پاک فوج ، پولیس اور عوام نے قربانیاں دے کر ملکی امن کو بحال کیا ہے ، ایسے میں حالات کو یوں کر کے پیش کرنا کہ ملک میں بدامنی اور دہشت گردی کا راج ہے یہ مناسب عمل نہیں ہے۔ اپوزیشن حکومت گرانے کیلئے ہمیشہ کوشاں رہتی ہے۔ کوئی سیاسی حکومت اطمینان سے اپنے پروگرام پر عملدرآمد نہیں کرسکی۔ سیاسی مخالفت ذاتی مخالفت میں بدل جاتی ہے۔ حکمراں اور مخالفین دونوں آئین، قانون، اصولوں اور اخلاقیات سے ماورا ہوکر ایک دوسرے سے انتقام لیتے ہیں۔ انہیں در پردہ اداروں کی حمایت بھی حاصل ہوتی ہے۔ اس سیاسی انتشار کو بھی ہمارے غیر ملکی مخالفین اپنے حق میں استعمال کرتے ہیں۔ ( محمد نفیس دانش۔شیخوپورہ )