اسلام آباد( خبر نگار خصوصی،92 نیوز رپورٹ ، نیوز ایجنسیاں ) وزیراعظم عمران خان نے ریکوڈک کیس میں جرمانے کے معاملے پرکمیشن بنانے کی ہدایت کردی۔اٹارنی جنرل آف پاکستان انور منصور خان کے دفتر سے جاری اعلامیہ میں کہاگیاکہ وزیراعظم عمران خان نے ریکوڈک معاملے پر تحقیقاتی کمیشن بنانے کی ہدایت کر دی ہے جو ریکوڈک معاملہ میں ذمہ داران کا تعین کرے گا اور مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کیلئے سفارشات بھی دے گا۔ کمیشن تحقیقات کرے گا یہ صورتحال کیسے پیدا ہوئی اور پاکستان کو جرمانہ کیوں ہوا۔کمیشن ملک کو نقصان پہنچانے والوں کا تعین بھی کرے گا۔اعلامیے میں کہا گیا کہ اٹارنی جنرل آفس اور بلوچستان حکومت فیصلے کے قانونی اورمالی اثرات کاجائزہ لے رہے ہیں۔ تمام پہلوؤں کاجائزہ لیکر آئندہ کالائحہ عمل طے کیا جائے گا۔اعلامیہ میں کہاگیاکہ حکومت پاکستان بین الاقوامی قوانین کے تحت تمام قانونی آپشنز استعمال کرنے کاحق رکھتی ہے ۔ حکومت پاکستان ٹی ٹی سی کمپنی کی جانب سے معاملے کے مذاکرات کے ذریعے حل کے بیان کو خوش آئند قراردیتی ہے ۔ پاکستان بطور ذمہ دار ریاست بین الاقوامی معاہدوں کوسنجیدگی سے دیکھتا ہے اور تمام بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہتا ہے ۔ پاکستان بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے قانونی حقوق اورمفاد کا تحفظ یقینی بنائے گا۔ پاکستان ریکوڈک ذخائر کی ڈویلپمنٹ میں دلچسپی رکھتا ہے ۔واضح رہے انٹرنیشنل سنٹر فارسیٹلمنٹ آف انویسٹمنٹ ڈسپیوٹس نے ریکوڈک کا معاہدہ منسوخ کرنے کی پاداش میں پاکستان پر 4 ارب 10 کروڑ ڈالر جرمانہ عائد کیا ہے جس پر ایک ارب 87 کروڑ ڈالر سود بھی ادا کرنا ہوگا۔