لاہور (اپنے خبر نگار سے ) وائس چانسلرپنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد اختر نے سلیکشن کمیٹی کی سفارشات پر گریڈ IاورII میں ڈیلی ویجز پر کام کرنے والے 130چوکیدار ، آرمڈ گارڈ اور سینیٹری ورکرزکی مستقل بنیادوں پر تقرری کی منظوری دے دی ۔ منظوری کے بعد انتظامیہ نے متعلقہ ملازمین کو ریگولر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق گریڈ ایک اورگریڈ IIمیں کام کرنے والے و ہ ملازمین جو متعلقہ آسامی کے اہلیت کے معیار پر پورااترتے ہیں اور کئی سال سے اپنے عہدے پر کام کر رہے ہیں ان کو فوری طور پر مستقل کر دیا گیا ہے ۔ ان ملازمین کوپندرہ روز میں جوائننگ دینے کا حکم دیا گیا ہے ۔ مستقل ہونے والے ملازمین نے وائس چانسلر پروفیسرنیاز احمد اختر، رجسٹرار ڈاکٹر محمد خالد خان اورچیئرمین سلیکشن کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد تقی زاہد بٹ کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے ۔ ریگولرہونے کی خبر سن کر ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔