حیدر آباد (بیورو رپورٹ،نیوزایجنسیاں) امیر جماعت ا سلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکومت نے 14 ماہ میں عوام کے چودہ طبق روشن کردیئے ہیں ۔ اسلام آباد میں پکنے والی کھچڑی نے مسئلہ کشمیر کو پس منظر میں دھکیل دیا ، ہم جانتے ہیں یہ کھچڑی پکانے کا مقصد کیاہے ۔ گزشتہ روز حیدر آباد میں آزادی کشمیر مارچ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام، مائیں بہنیں، بیٹیاں ہماری طرف دیکھ رہی ہیں اور یہ حکمران تماشے کر رہے ہیں ۔ ایران اور سعودی عرب میں صلح کی کوشش اچھی بات ہے مگر جب اپنے گھر کو آگ لگی ہو تو پہلے اسے بجھاتے ہیں ۔ کشمیر کا مسئلہ ایران سعودیہ تعلقات سے زیادہ اہم ہے ۔ اقوا م متحدہ میں وزیراعظم کی اچھی تقریر کا دنیا پر کوئی اثر نہیں ہوا ۔ اقوام متحدہ کو 72 سا ل سے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے نہتے عوام کا قتل عام نظر نہیں آرہا ۔ وزیراعظم 70 دن سے ادھر ادھر جارہے ہیں مگر ایک دن کیلئے قومی قیادت کیساتھ نہیں بیٹھے ۔ حکمرانوں کی تنگ نظری کی وجہ سے قومی وحدت کا شیرازہ بکھر گیاہے ۔ 33 کروڑبتوں کے پجاری پاکستان کیخلاف متحد ہیں اور ایک خدا کو ماننے والے اپنی شہ رگ کو دشمن کے پنجے سے آزاد کرانے کیلئے ایک نہیں ۔مودی کے سرپرست ٹرمپ کی ثالثی پر اعتماد کرنیوالے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔حکومت ڈینگی سے خوفزدہ عوام پر مہنگائی کے کوڑے برسا نا بند کرے ۔ کشمیر مارچ سے محمد حسین محنتی ، زبیر گوندل ،محمد عامر ، سید عبدالرشید، حافظ طاہر مجید اورہندو رہنما دولت رام نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر اسد اللہ بھٹو ، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی ، قیصر شریف اوردردانہ صدیقی بھی موجود تھیں ۔