لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کشمیر میں انسانیت دم توڑ رہی ہے ، اقوام عالم کو انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف آواز بلند کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام چٹان کی طرح مقبوضہ کشمیرکے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے ہر محاذ پر کشمیر کا مقدمہ کامیابی سے لڑا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں۔ پاکستان کشمیر کے بغیر ادھورا ہے ۔بعدازاں مختلف شہروں سے آئے لوگوں سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ایک برس کے دوران عام آدمی کی فلاح کیلئے بے مثال اقدامات کئے ہیں ، احساس پروگرام، کم لاگت ہاؤسنگ سکیم، پناہ گاہیں اور صحت انصاف کارڈ جیسے بڑے پروگرام عام آدمی کیلئے ہیں۔معیشت کی مضبوطی کے لئے کئے گئے سخت فیصلے بار آور ثابت ہو رہے ہیں ، بلا خوف قومی دولت پر ہاتھ صاف کرنے والوں کو اب بلا امتیاز احتساب کا سامنا کرنا پڑے گا۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے مختلف شہروں سے آئے لوگوں نے ملاقات کی، وزیراعلیٰ نے لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے ،وزیراعلیٰ فرداً فرداً لوگوں کی نشستوں پر گئے اور ان سے مصافحہ کیا اور انہیں مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی،وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے عوامی مسائل کے حل کو اپنی ترجیح بنایا ہے ،عام آدمی کے مسائل حل کرنا میرا مشن ہے اور فرض بھی،ہماری نیت صاف اور توجہ کا مرکز عام آدمی ہے ، میں نے اپنے اور عوام کے درمیان کسی کو حائل نہیں ہونے دیا، انہوں نے کہا کہ ماضی میں قومی مفادات کو نظر انداز کیا گیا، سابق دور ذاتی مفادات کا دور تھا جبکہ تحریک انصاف ہر سطح پر قومی مفاد کو ترجیح دے رہی ہے ۔علاوہ ازیں انہوں نے فیصل آباد کے 6 سالہ بچے عبداﷲ کے مرض کے بارے میں ایک خبر کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت کے حکام کو عبداﷲ کے اہل خانہ سے فوری رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے ،وزیراعلیٰ نے کہا کہ 6 سالہ عبداﷲ کی بیماری کا علاج سرکاری سطح پر کرایا جائے گا اور علاج معالجے کے تمام اخراجات حکومت پنجاب برداشت کرے گی۔