سیالکوٹ( ڈسٹرکٹ رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں )وفاقی حکومت نے نوازشریف دور میں مشعل اوباما کی طرف سے تعلیم کیلئے دئیے گئے فنڈز کی تحقیقات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ شریف خاندان نے دولت کے لالچ میں پاکستان کو بدنام کردیا،برطانوی اخبار کی رپورٹ نے تمام پاکستانیوں کے سرشرم سے جھکا دئیے ہیں۔ اتوار کو معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا شہباز شریف اینڈ سنز کے کالے دھن اور منی لانڈرنگ کے مزید شواہد سامنے آئے ہیں۔ منی لانڈرنگ اور کرپشن کا ماہر خاندان برطانیہ کو بھی چونا لگانے سے باز نہ آیا، اس خاندان نے زلزلہ متاثرین کیلئے برطانوی امداد پر بھی ہاتھ صاف کیا۔اس خاندان نے پاکستان کی توقیرکو بھی تارتارکردیا۔حدیبیہ پیپر مل سے شروع ہونیوالی منی لانڈرنگ کی واردات اب ٹی ٹی تک جا پہنچی ہے ۔ دولت کے لالچ میں سرکاری عہدوں کا استعمال کیاگیا، شریف خاندان نے منی لانڈرنگ کیلئے خواتین کو بھی استعمال کیا۔ شریف خاندان نے پاکستان کوبدنام کرنے کابیڑااٹھارکھاہے ۔شہباز شریف انگلی ہلاہلا کرخود کو کرپشن سے پاک بیان کرتے تھے ، اب شریف خاندان کی کرپشن عالمی ادارے سامنے لائے ہیں اور ان کا پاکستانی حکومت سے تعلق نہیں۔برطانوی اخبار کی خبر شریف خاندان کیخلاف ایک ٹریلر ہے ۔ برطانوی اخبارات میں ایک ایک لفظ کی چھان بین کے بعد رپورٹ شائع کی جاتی ہے ۔ مریم صفدر اب اسے حکومت کی انتقامی کارروائی نہیں کہہ سکیں گی۔فردوس عاشق اعوان نے کہا برطانیہ نے شہباز شریف کے داماد علی عمران کو 10لاکھ پاؤنڈ کی اضافی امداد دی تھی،2003میں شریف خاندان کے اثاثے ڈیڑھ لاکھ پاؤنڈ ، 2018میں 20کروڑ پاؤنڈ تک پہنچ گئے ۔ نواز شریف نے پارلیمنٹ میں پوری قوم کو گمراہ کیا،قوم حقائق کو جان چکی ہے ۔ مشعل اوباما کی طرف سے تعلیم کیلئے دئیے گئے فنڈز کی تحقیقات کی جائیں گی۔ قوم جن کو رہبر سمجھتی رہی وہ رہزن ثابت ہوئے ۔شریف خاندان قوم سے معافی مانگے اور لوٹا پیسہ واپس کرے ۔سیاست کا بارہواں کھلاڑی 1988کے بعد پہلی بار پارلیمنٹ سے باہر ہوا ہے ،مولانا فضل الرحمان کی نگاہ اسلام پر ہو نی چاہیے نہ کہ اسلام آباد پر۔دوسیاسی اداکار جماعتیں روز سیاسی تھیٹر لگاتی ہیں،جن کی بات گھر والے بھی نہیں مانتے وہ وزیراعظم کی ساکھ پر انگلیاں اٹھاتے ہیں۔اپنے سیاسی فائدے کیلئے تاجروں کو ہڑتال پر اکسایا جا رہا ہے ،ان کا ایجنڈا عوام کی فلاح و بہبود کا نہیں بلکہ اپنی جائیدادوں کے تحفظ کا ہے ۔حکومت تاجروں کو سینے سے لگانے کیلئے تیارہے ، تاجر تنظیموں سے کہتی ہوں کسی کے ذاتی مفادات کا حصہ نہ بنیں، حکومت کا بازو بن کر ملک کو مشکلات سے نکالیں۔ عمران خان کی قیادت میں ملک کوکھویاہواوقارواپس دلائیں گے ۔معاون خصوصی نے کہا پاکستان میں میڈیا مکمل آزاد ہے ،حکومت اظہار رائے کی آزادی پر یقین رکھتی ہے ،میڈیا کارکنوں کے حقوق کا تحفظ وزیراعظم کے ایجنڈے میں سرفہرست ہے ۔پاکستان میں کوئی مقدس گائے نہیں ،بلاتفریق احتساب پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہیے ۔دریں اثناء فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ ائیرپورٹ پر عازمین حج کو رخصت کیا ۔ اس موقع پرانہوں نے کہا وزیراعظم عمران خان نے عازمین حج کی بھرپور خدمت کا حکم دیا، فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے جانے والے دین اسلام اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے دعائیں کریں۔