مکرمی ،اس وقت تمام پارتیاں دوسری پارٹیوں پر الزام تراشیاں اور عوام کو آپس میں تقسیم کررہی ہیں۔مہنگائی بڑھ رہی ہے جبکہ ملکی معیشت کا بیڑہ غرق ہوچکا ہے جبکہ حکمران ترقیاتی کام کروانے اور عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہوچکے ہیں۔ دنیا ترقی کررہی ہے جبکہ ہمارے ملک میں الیکشن ہونے ہیں یا نہیں اسی کا فیصلہ نہیں ہوپارہا اور اگر الیکشن ہوجائیں تو ہر آنے والی حکومت تھوڑے عرصے بعد ختم ہوجاتی ہے ۔ الیکشن اور اس لوٹا سیاست کی وجہ سے ملک کا پیسہ اور عوام کا وقت دونوں ضائع ہورہا ہے۔ہمارے حکمران بھاری تنخواہیں ،مراعات،پروٹوکول لیتے ہیں جبکہ بار بارپارٹیاں بدل بدل کر عوام کو بیوقوف بناتے ہیں۔ سیاستدانوں کے نام پانامہ لیکس ،توشہ خانوں جیسے کیسز میں شامل ہیں مگر پھر بھی وہ خود کو صادق اور امین سمجھتے ہیں۔جتنا پیسہ دھرنوں اور جلسوں میں خرچ کیا جاتا ہے اگر یہی پیسہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہر خرچ ہو تو ہر حلقہ خوشحال اور بہتر ہوسکتا ہے۔کرپشن ،سود اور مہنگائی کی شرح میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے جبکہ زرعی ملک میں اشیا خوردنوش اور کھانے پینے کی قیمتوں میں اضافہ صرف ہمارے حکمرانوں اور ان کے چیلوں کی کرپشن،مفاد پرستی کی وجہ سے ہے۔پاکستان کو اب ایسی لیڈر شپ کی ضرورت ہے جو کرپشن ،مفاد پرستی ،مافیازاور لوٹا سیاست سے پاک ہو اور جو اپنی آئینی مدت پوری کرے ورنہ پاکستان کے حالات بگڑتے ہی جائیں گے۔(عمرفاروق،لاہور)