لاہور( حافظ فیض احمد)نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے اعجاز احمد بریڑو نے کہا ہے کہ 15روز میں ریلوے میں تبدیلی نظر آئے گی ۔ دوران سفر مسافروں کو بہتر سہولتیں فراہم کرنا اور ان کو بحفاظت منزل مقصود پر پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے ۔ ٹرینوں کی سیفٹی کو فوکس کیا جائے گا ۔ تمام شعبوں کے افسروں کو ساتھ لے کر چلوں گا وہ میری ٹیم کا حصہ ہیں۔ریلوے کا خسارہ کم کرنے اور اسے منافع بخش بنانے کیلئے مزید محنت سے کام کریں گے ۔ ٹرینوں کا شیڈول مزید بہتر بنایا جائے گا۔ وہ گزشتہ روز اپنی تعیناتی کے بعد روز نامہ92نیوز سے خصوصی بات چیت کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا ہم سب ٹیم ورک کے طور پر ملکر کام کریں گے ۔ ریلوے قومی ادارہ ہے اور ہماری ذمہ داری ہے کہ اس کی بہتری کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ حکومت اور وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید احمد نے مجھ پر جو اعتماد کیا اس پر پورا اتروں گا کیونکہ اب میری ذمہ داریاں بڑھ گئی ہیں ۔میرٹ سے ہٹ کر کوئی کام نہیں کیا جائے گا ۔ ہر شعبے کا افسر میری ٹیم کا حصہ ہے ۔ ریلوے کو ہم سب نے ملکر بہتر بنانا ہے ۔ جو پراجیکٹ جاری ہیں ان کو بر وقت مکمل کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے ۔ مال بردار ٹرینوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا ۔ ریلوے ملازمین ہمارا اثاثہ ہیں اور ان کی فلاح و بہبود کیلئے کام کریں گے ۔ٹرینوں میں بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ٹرینوں میں پانی اور صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنائیں گے ۔مسافروں کی سیفٹی اولین ترجیح ہے ۔ ریلوے کے مسافروں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور مسافروں کے اعتماد کو مزید بڑھائیں گے ۔