ملتان (محمد مظہر )حکومت پنجاب نے محکمہ پولیس میں ناقص کارکردگی کے حامل پولیس افسروں کو ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں 15ضلعی سربراہان سمیت 200پولیس افسروں کے تبادلے کاامکان ہے جبکہ عام انتخابات میں تبدیل ہونیوالے افسران سے آپشنز طلب کئے گئے ہیں ، ان کی سابق اضلاع میں تعیناتی کے حوالے سے غور کیا جائے گا ،بتایا گیا ہے پنجاب حکومت نے امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے پولیس افسران کے تبادلوں کا فیصلہ کیا گیا ہے نئے تعینات ہونے والے آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی نے تبدیلی کے لئے افسران کی فہرستیں تیار کرنے کا حکم دیا ہے ، ناقص کارکردگی کے حامل پولیس افسران کو ان کے عہدوں سے ہٹادیا جائے گا، بتایاجاتا ہے کہ 15سے زائد ضلعی پولیس سربراہان کو تبدیل کیا جائے گا ان میں سے بعض افسران کو ایک ضلع سے دوسرے ضلع میں تعینات کیا جائے گا جبکہ ناقص کارکردگی کے حامل ضلعی سربراہان کو سنٹرل پولیس آفس لاہور رپورٹ کرنے کا حکم دیا جائے گا،اسی طرح ایس پیز اور ڈی ایس پیز کو مختلف اضلاع میں تعینات کرنے کے لئے سفارشات تیار کی جارہی ہیں آئندہ چند روز میں ان سفارشات کے مطابق تبادلوں کے احکامات جاری کئے جائیں گے بتایا جاتا ہے کہ عام انتخابات کی وجہ سے تبدیل ہونے والے افسران سے بھی تبادلوں کے حوالے سے آپشنز مانگے گئے ، ان افسران کو بھی ان کے سابق اضلاع میں تعیناتی کے حوالے سے غور کیا جائے گا ۔