ملتان (خصوصی رپورٹر) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے دو ایٹمی قوتوں کا آمنے سامنے آنا دنیا کے مفاد میں نہیں ہوگا ، ہر صورت کشمیریوں کا ساتھ دیں گے اور انشااللہ کشمیر آزاد ہو کر رہے گا۔ ریفرنڈم کے ذریعے کشمیریوں کو فیصلہ کرنے کا موقع دینا چاہیے کہ وہ کیا چاہتے ہیں، نریندر مودی کی سوچ کا اصلی چہرہ پوری دنیا کو دکھایا جاچکا ہے ،تمام جماعتیں کشمیر کے مسئلے پر ایک ہیں اور ہم ہر جگہ دنیا کے ضمیر کو جگانے کی کوشش کر رہے ہیں، مختلف ممالک بھی ٹرمپ کو مسئلہ کشمیر پرکردار ادا کرنے کا کہہ رہے ہیں،بھارت کشمیر پرتقسیم ہو چکا ہے ،وہاں ایک بڑا طبقہ کشمیریوں پر ظلم نہیں چاہتا ۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکشمیریوں پر مظالم بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں ،بھارتی سپریم کورٹ بھی مودی کے آگے گھٹنے ٹیک چکی ہے ، میں سلام پیش کرتا ہوں کشمیری بہنوں، بیٹیوں اور بھائیوں کو جو بھارتی 10لاکھ افواج کے سامنے کھڑے ہیں،مودی کو کہتا ہوں کرفیو ہٹا کر ایک جلسہ کر کے دکھائے ، پاکستان کا ہر نوجوان کہہ رہا ہے کشمیر بنے گا پاکستان، کشمیر کے مسئلے پر پچھلی حکومتیں بات کرتے ڈرتی تھیں۔ پاکستان کا ہر محافظ ملکی ذرے ذرے پر جان قربان کرنے کے لیے تیار ہے ،عمران خان کے ہمراہ نیویارک جارہا ہوں، وہاں جاکر بھی کشمیر کا مسئلہ دنیا کے سامنے لائیں گے ۔انہوں نے کہا سورج کنڈ روڈ کی تعمیر کے لیے فنڈز منظورہو چکے ، عنقریب اس سڑک کی تعمیر کا آغاز ہو گا۔