لاہور( کامرس رپورٹر)فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی) کے صدر میاں انجم نثارنے آل پاکستان فر ٹیلائزر ڈیلرز ایسوسی ایشن(اے پی ایف ڈی اے ) کے وفد سے ملاقا ت میں کہاہے کہ16فیصد مارک اپ پر انڈسٹری نہیں چل سکتی۔اتنے زیادہ مارک اپ کی وجہ سے نئی انڈسٹری نہیں لگے گی اور نہ ہی روزگار کے نئے مواقعے پیدا ہو ں گے ۔حکومت اگر بجلی اور گیس کے نرخ میں اضافہ کرئے گی تومعاشی حالات مزید خراب ہو ں گے ۔ بجلی اور گیس کے نرخ میں تبدیلی برآمدات کے لئے نقصان دہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ اس وقت بجلی کے نرخ ریجن کے دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں زیادہ ہیں۔بجلی اورگیس کی قیمتوں میں اضافے سے ہماری پروڈکشن بین الاقوامی مارکیٹ میں مقابلہ کی دوڑ سے باہر ہو جائے گی ۔ بجلی کے ٹیرف میں اضافے کی بجائے چوری کو روکا جائے ۔پاکستان میں زراعت کی فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار دیگر ممالک کی نسبت بہت کم ہے ۔فی ایکٹر پیداوار میں اضافہ کے لئے روایتی طریقوں سے ہٹ کر جدید طریقوں کو اختیار کرنے کی ضرورت ہے ۔