جوہانسبرگ ( سپورٹس ڈیسک) آئی سی سی انڈر19 کرکٹ ورلڈ کپ 2020 آج سے جنوبی افریقہ میں شروع ہوگا، تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ، ایونٹ میں 16ممالک کی ٹیمیں حصہ لیں گی ،افتتاحی میچ میں جنوبی افریقہ کا مقابلہ افغانستان کی انڈر 19ٹیم سے ہوگا ،پاکستان کی ٹیم ورلڈ کپ 2020ء میں اپنا پہلا میچ سکاٹ لینڈ کے خلاف 19 جنوری کو پوچیف سٹروم میں کھیلے گی۔ ایونٹ میں میزبان جنوبی افریقہ، پاکستان، بھارت، جاپان، نیوزی لینڈ، سری لنکا، بنگلہ دیش، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، آسٹریلیا، نائیجیریا، سکاٹ لینڈ، زمبابوے ، کینیڈا، متحدہ عرب امارات اور افغانستان کی ٹیمیں شامل ہیں جن کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ، گروپ اے میں بھارت، جاپان، نیوزی لینڈ اور سری لنکا شامل ہیں۔ گروپ بی میں آسٹریلیا، انگلینڈ، نائیجیریا اور ویسٹ انڈیز کو رکھا گیا ہے ۔ گروپ سی میں پاکستان، بنگلہ دیش، سکاٹ لینڈ اور زمبابوے شامل ہیں جبکہ گروپ ڈی میں افغانستان، کینیڈا، جنوبی افریقہ اور متحدہ عرب امارت ہیں۔ دو مرتبہ کی عالمی چمپئن پاکستان کی ٹیم ورلڈ کپ 2020ء میں اپنا پہلا میچ سکاٹ لینڈ کے خلاف 19 جنوری کو پوچیف سٹروم میں کھیلے گی۔ 24 روز تک جاری رہنے والے ایونٹ میں 48 میچز کھیلے جائیں گے ۔