اسلام آباد، لاہور، ظفروال، کراچی، پشاور، کوئٹہ، واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، ڈسٹرکٹ رپورٹر، 92نیوز رپورٹ، بیورورپورٹ، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید40افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی مجموعی تعداد12066ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 1008نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد556519ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد31510ہو گئی،1797مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ کل512943صحتیاب ہو چکے ۔ملک بھر میں پہلے مرحلے میں طبی عملہ کو کورونا ویکسین بھی لگائی جاری ہے ۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید19مریضوں کی جان چلی گئی اور اموات کی کل تعداد4919ہوگئی جبکہ412نئے کیس سامنے آگئے ۔ لاہورمیں 188،ننکانہ1،شیخوپورہ 4،راولپنڈی19،گوجرانوالہ 7، فیصل آبادمیں28کیسز رپورٹ ہوئے ۔کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظرمحکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ نے لاہور کے 6 علاقوں بیدیاں روڈ، ڈیفنس فیز 3 ، فیز 5 ،فیصل ٹائون، علامہ اقبال ٹائون اور مناواں کی گلیوں میں سمارٹ لاک ڈائون نافذ کردیا ۔سیکرٹری ہیلتھ کیئرکیپٹن(ر)محمد عثمان نے کہا کہ احتیاط نہ کرنے سے کورونا وائرس دوبارہ تیزی سے پھیل سکتا ہے ۔سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن برسٹر نبیل اعوان کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا سے متاثرہ 130971 مریض اب تک صحتیاب ہو نے کے بعد گھر وں کو واپس جا چکے ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 154 کورونا مریض صحتیاب ہو کر واپس گھر وں کو چلے گئے ۔ظفروال میں اسسٹنٹ کمشنر عرفان مارٹن نے کمپیوٹر آپریٹر ملازم نوید کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پراراضی ریکارڈ سنٹر کو ایک ہفتے کیلئے بند کر دیا۔ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر دانش کے مطابق اراضی ریکارڈ سنٹر کے تمام ملازمین کے نمونے بھی لیبارٹری بھجوا دیئے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بیان میں کہا کہ صوبہ میں مزید 25کورونامریض جاں بحق ہوگئے جبکہ324نئے کیسزمیں سے 167کراچی سے سامنے آئے ہیں۔ادھرخیبر پختونخوا میں کورونا سے مزید6افرادجاں بحق ہوگئے جبکہ161نئے مریض سامنے آگئے ۔بلوچستان میں کوروناسے ایک اور مریض چل بسا جبکہ 14نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں23لاکھ42ہزارسے زائد ہو گئیں۔برطانوی وزیر صحت میٹ ہینکوک نے مسافروں کیلئے نئی پابندیاں متعارف کرادی ہیں۔ 15 فروری سے برطانیہ آنیوالوں کو قرنطینہ میں دو کوروناٹیسٹ کرانا ہونگے ۔ پہلا ٹیسٹ دوسرے اور دوسرا ٹیسٹ آٹھویں روز ہوگا، اور انکی فیس مسافر ہی دینگے ۔ میٹ ہینکوک نے کہا کہ ریڈ لسٹ والے 33 ممالک کے مسافر ہوٹل میں قرنطینہ کرینگے ۔ مسافر کو ایڈوانس ہوٹل، ٹیسٹ اور ٹرانسپورٹ بکنگ کرانا ہوگی اور اس مقصد کیلئے 1750 پائونڈ دینا ہونگے ۔ قوانین کی خلاف ورزی پر 10 ہزار پاؤنڈ جرمانہ اور 10 سال قید ہوگی۔ مسافر کو 72 گھنٹے پہلے کے کورونا ٹیسٹ کا منفی نتیجہ بھی دکھانا ہوگا۔