محکمہ ایکسائز نے گاڑیوں کے مالکانہ حقوق کی آسان منتقلی کیلئے موبائل سکواڈ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔بذریعہ موبائل سکواڈ گاڑیوں کی ٹرانسفر ،رجسٹریشن اور ٹوکن و ٹیکس وصولی کے لیے سمری ارسال کر دی گئی ہے ۔محکمہ ایکسائز میں ایجنٹ مافیا کا راج ہے ۔جو لوگوں سے بھاری معاوضہ لیکر کام کرواتے ہیں ،جبکہ محکمے میں بھی کچھ ایسے افراد موجود ہیں جو لوگوں کو ایجنٹ مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ کر اپنے فرائض منصبی کو کما حقہ ادا نہیں کرتے ،اسی وجہ سے محکمہ ایکسائز نے گاڑیوں کے مالکانہ حقوق کی آسان منتقلی کے لیے سکواڈ بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔اس سے یقینی طور پر عوام کو آسانی ہو گی ،رشوت ستانی کا بازار رک سکے گا اور لوگوں کا وقت بھی بچ جائے گا ۔اس سے قبل محکمہ ایکسائز نے کئی طرح کے طریقے نکال رکھے تھے لیکن اس کے باوجود بروقت کام نہیں ہو سکتا ۔ہر برس محکمہ ایکسائز کو اپنی تاریخ میں توسیع کرنا پڑتی تھی ،جبکہ ملازمین کو بھی کئی شفٹوں میں کام کرنا پڑتا تھا ۔موجودہ طریقہ کار سے نہ صرف دفاتر میں رش کم ہو گا بلکہ شہریوں اور عملے کو بھی آسانی ہو گی ۔گو پہلے مرحلے میں یہ سہولت صرف لاہور میں متعارف کروائی گئی ہے ،اگر یہاں پر یہ کامیاب ہو گی تو پھر مستقبل میں اس کو پورے پنجاب میں شروع کیا جا سکتا ہے ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ محکمہ ایکسائز کے افسران اس سسٹم پر چیک اینڈ بیلنس رکھیں تاکہ اسے کامیابی سے ہمکنار کیا جا سکے ۔