مکرمی ! انقلاب چہرے بدلنے سے نہیں بلکہ موجودہ استحصالی اور کرپٹ نظام بدلنے سے آئے گا، توشہ خانے رپورٹ نے ثابت کردیا ہے کہ حکمران طبقہ صادق اور امین نہیں ہے، اشرافیہ ملکی وسائل پر قابض ہے اور اپنے اقتدارکو طول دینے کیلئے عوام کے ٹیکس کی رقم سے عیاشیوں میں مصروف ہے۔ غریب عوام تاریخ ساز مہنگائی کی آگ میں جل رہے ہیں،ان حالات میں بجلی ، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ غریب پر ظلم کے مترادف ہے۔ غریب روٹی کا نوالہ کھانے کیلئے پریشان ہے جبکہ امریکا اور عالمی سود خور ادارے آئی ایم ایف کے غلام سیاستدان اقتدار کے حصول کی جنگ میں مصروف ہیں بے حس حکمرانوں اور اشرافیہ کو عوام کے بنیادی مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔عوام کو ایسے حکمرانوں ،سیاستدانوں اور اشرافیہ کا محاسبہ کرنا چاہئے جو لوگوں میں غربت، بیروزگاری کو فروغ دیکر نوجوان نسل کو تعلیم حاصل کرنے سیمحروم کر رہے ہیں۔ پاکستان جن مقاصد کیلئے معرض وجود میں آیاوہ مقاصد ابھی تک پورے نہیں ہو سکے ان اہداف کیلئے نوجوان نسل کو جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔ (نعیم الدین‘ کراچی)