پشاور(سٹاف رپورٹر،92نیوزرپورٹ)معروف پاکستانی بزنس ٹائیکون ملک ریاض نے کہاہے کہ برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی سے 190ملین پائونڈکے تصفیہ کوجرم نہیں کہاجاسکتا۔گزشتہ روزپشاورکے علاقہ چمکنی میں بحریہ ٹائون سیلزاینڈمارکیٹنگ آفس کے افتتاح کے موقع پر ملک ریاض نے مزید کہا کہ میراپاکستانی حکومت کیساتھ کوئی معاملہ نہیں،ہرصورت سپریم کورٹ کو پیسے دینے کاوعدہ پوراکرونگاچاہے مجھے اس کیلئے اپناگھرہی کیوں نہ گروی رکھناپڑے ،میں نے یہ پیسہ پاکستان کو دیناہی دیناہے ۔میرے بچے برطانوی شہری ہیں،ایک سال انکوائری کے بعد این سی اے نے کہا کہ ملک ریاض نے کوئی جرم نہیں کیا، جبکہ برطانوی کرائم ایجنسی کی پریس ریلیزمیں یہ جملہ شامل نہیں۔میری طرح دیگرپاکستانیوں کو بھی اپناپیسہ ملک میں واپس لاناچاہئے ۔پاکستان میں کام کرناتھوڑامشکل ہے مگرجہاں بحریہ ٹائون جاتاہے وہاں شہربدل جاتاہے ۔