اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی، مانیٹرنگ ڈیسک)پا ک فوج میں اعلی سطح کی تعیناتیاں کی گئی ہیں ۔لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کر دیا گیا ہے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو ڈی جی آئی ایس آئی مقرر کردیا گیا جبکہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی کو کور کمانڈر منگلا تعینات کیا گیا ہے ۔لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر کور کمانڈر پشاور، لیفٹیننٹ جنرل اظہر صالح عباسی چیف آف لاجسٹک سٹاف اور لیفٹیننٹ جنرل عبدالعزیز کو ملٹری سیکرٹری جی ایچ کیو تعینات کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ لیفٹیننٹ جنرل محمد عدنان وائس چیف آف جنرل سٹاف جبکہ لیفٹیننٹ جنرل وسیم اشرف کو آئی جی آرمز تعینات کیا گیاہے ۔یاد رہے 28 ستمبر کو پاک فوج کے 6 افسران کو میجر جنرل سے لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی ۔جن افسران کو ترقی دی گئی ان میں میجر جنرل شاہین مظہر، میجر جنرل ندیم ذکی، میجر جنرل عبدالعزیز، میجر جنرل عاصم منیر، میجر جنرل عدنان اور میجر جنرل وسیم اشرف شامل تھے ۔