ٹیکسلا(این این آئی)وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے کہا ہے کہ ایک چور 10 ارب جبکہ دوسرا چور 12ارب دینے کو تیار ہے تاہم عمران خان کوئی ڈیل نہیں کریں گے ، اقتدار اﷲ اور عوام کی امانت ہے جس میں کبھی خیانت نہیں کریں گے ۔گزشتہ روز ٹیکسلاکی یونین کونسل نکو میں عوامی اجتماع سے خطاب میں غلام سرورخان نے کہا کہ اپوزیشن میں رہتے ہوئے عوام کی وہ خدمت کی جو سابقہ حکمران اقتدار میں رہتے ہوئے نہ کر سکے ۔انہوں نے کہا کہ سارے حلقوں میں بلا تفریق ترقیاتی کام کرائے جائیں گے ۔مخالفین 35 سال سے اقتدار میں رہ کر غریب عوام کا خون چوستے رہے ، انکا یوم حساب قریب ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مال مسروقہ کی نشاندہی ہو گئی ،برآمدگی باقی ہے ،آنے والے دنوں میں باپ بیٹی کی طرح دو بہن بھائی بھی جیل جائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ ڈیل ہوگی نہ ہی ڈھیل ہوگی،انہوں نے کہا کہ مخالفین کسی مغالطہ میں نہ رہیں تحریک انصاف اپنی مدت پوری کرے گی۔