Common frontend top

وفاقی کابینہ: گیس، بجلی کی قیمتیں منجمد،پٹرول،ڈیزل کی چند ماہ تک موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کیلئے لائحہ عمل تیار

جمعه 21 فروری 2020ء





اسلام آباد (سپیشل رپورٹر؍92 نیوزرپورٹ)وفاقی کابینہ نے مہنگائی کے بوجھ میں کمی اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے گیس اور بجلی کی قیمتوں کو منجمد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کو آئندہ چند ماہ تک موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کر لیا جبکہ مستقبل میں گندم اور آٹے کے بحران سے بچنے کے لئے صوبوں کو اپنے کوٹے کی گندم کی خریداری کو یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ، کابینہ نے چینی کی قیمتوں کے تھرڈ پارٹی سے تعین کرانے کے علاوہ ملک میں الیکشن کے عمل کو شفاف بنانے کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کو حکومت کی جانب سے متعارف کرائی جانے والی اصلاھات پر مبنی سفارشات کو مرتب کرنے کا عمل جنگی بنیادوں پر تیز کرنے کی ہدایت کر دی ۔ کابینہ کا اجلاس گزشتہ روز یہاں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوا جس میں مہنگائی اور اس سے عوام کو ریلیف دینے کے اقدمات کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے ۔92 نیوز کے مطابق وزیراعظم نے کہاعوام کابہت احساس ہے ،اب حکومتی فیصلوں سے ریلیف نظر آئیگا۔ وزیراعظم نے کہا اب بجلی مہنگی ہوگی نہ گیس، عوام پر نئے ٹیکسوں کا بوجھ بھی نہیں ڈالا جائے گا۔وزیراعظم نے دالوں پرریگولیٹری ڈیوٹی چھوٹ سے متعلق لائحہ عمل تیارکرنے کی بھی ہدایت کردی۔وزراء نے مہنگائی کم کرنے کیلئے تجاویز بھی دیں۔اجلاس کے بعد میڈیاکو بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ وزیرِ اعظم نے کابینہ سے اپنے خطاب میں لاوارث نوزائیدہ بچوں کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ لاوارث نوزائیدہ اور چھوٹے بچوں کی خریدو فروخت انتہائی غیر انسانی اورظالمانہ فعل ہے ، اس سنگین جرم کی روک تھام اور ایسی غیر انسانی اور غیر قانونی ٹریڈ میں ملوث مافیا کا سدباب کرنے کے لئے فوری طوری پر تمام ضروری انتظامی اقدامات کئے جائیں۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ ملک میں الیکشن کے عمل و صاف اور شفاف بنانے کے حوالے سے حکومت کی جانب سے متعارف کی جانے والی اصلاحات پر مبنی سفارشات کو مرتب کرنے کے عمل کو تیز کیا جائے ۔ کابینہ نے زندگی بچانے والی ادویات کی دستیابی کے حوالے سے شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ زندگی بچانے والی ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔فردوس عاشق نے بتایا کابینہ کو بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی موجودہ صورتحال اور ان میں کمی لانے کے حوالے سے منصوبہ بندی پر تفصیلی بریفنگ میں بتایا گیاکہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان سامنے آ رہا ہے ،مشیر خزانہ نے بتایا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گندم کی رسد و طلب کو یقینی بنانے کے لئے پانچ لاکھ ٹن گندم درآمد کا فیصلہ کیا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ گندم کو اس وقت درآمد کیا جائے جب عالمی سطح پر اس کی قیمت کم ہو۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا وزیر اعظم نے ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورز کو اجلاس میں طلب کر کے ہدایت کی کہ گھی اور خوردنی تیل آزاد کشمیر اور انضمام شدہ علاقوں میں قائم گھی ملوں سے گھی خریدنے پر بھی غور کیا جائے ۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ اس سال گندم کی خریداری کا ٹارگٹ 8.25ملین ٹن مقرر کیا گیا ہے ،سندھ میں 10مارچ سے گندم کی خریداری شروع ہو جائے گی۔ چینی کے ضمن میں بتایا گیا کہ صوبائی حکومتوں کی جانب سے ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات کو مزید موثر بنایا جا رہا ہے ، چینی کی حقیقی قیمتوں کا تعین تھرڈ پارٹی سے کرایا جا رہا ہے ، اقتصادی رابطہ کمیٹی نے تین لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کی اجازت دے دی ہے جس پر ریگولیٹری ڈیوٹی عائد نہیں ہوگی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ گندم کے معاملے پر جامع انکوائری رپورٹ آئندہ ایک ہفتے میں موصول ہو جائے گی جس سے عوام کو بھی آگاہ کیا جائے گا،اس کے ساتھ ساتھ چینی کے معاملے پر بھی مذکورہ کمیٹی کو تفصیلی سوالات فراہم کر دیئے گئے ہیں۔ کابینہ کو آلو، ٹماٹر اور پیاز کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے حوالے سے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔فردو س عاشق اعوان نے بتایا کہ کابینہ کو سماجی فلاح و بہبود اور تخفیف غربت کے حوالے سے حکومت کے سب سے اہم پروگرام "احساس"کے ممبران پارلیمنٹ سے رابطوں اور اشتراک کا ایجنڈا زیر غور نہیں آیا۔کابینہ کو پٹرول، ڈیزل اور گیس کی قیمتوں کے نظام اور ان قیمتوں میں ممکنہ حد تک کمی لانے کے حوالے سے زیر غور تجاویز پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کو آئندہ چند ماہ تک موجودہ سطح پر رکھنے کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کر لیا گیا تاہم اس کا حتمی فیصلہ آئندہ چند روز میں کیا جائے گا۔ کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے گھریلو صارفین ، روٹی تندوروں اور صنعتوں کے لئے بجلی اور گیس کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ کابینہ نے نیشنل کمیشن برائے حقوق اطفال کی تشکیل کی منظوری دی ہے ۔ انھوں نے کہا کابینہ نے مشترکہ مفادات کونسل کے مستقل سیکرٹریٹ کے قیام کی اصولی منظوری دی۔ کابینہ کے دیگر فیصلوں کے مطابق کابینہ نے پاکستان نرسنگ کونسل کے ممبران کے نوٹیفیکیشن، 46نئے اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹر لائسنسزکے اجرا، 07لائسنسز کو ختم کرنے ، 08کے ٹرانسفر اور 02لائسنس کے احاطہ عمل داری میں تبدیلی کی بھی منظوری دی۔ انھوں نے کہا کہ کابینہ نے فرحان شفیع کی بطور منیجنگ ڈائریکٹر؍چیف ایگزیکیٹو آفیسر پاکستان منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن تعیناتی کی بھی منظوری دی۔کابینہ نے گیس کی دریافت اور پیداوار کے شعبے میں کام کرنے والے کمپنیوں کے لئے ان پٹ ٹیکس کی ادائیگیوں کے نظام کے طریقہ کار کو آسان بنانے کے حوالے سے پیش کی گئی تجویز کی بھی منظوری دی۔ کابینہ نے سعدیہ خان کی بطورکمشنر سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان تعیناتی کی بھی منظوری دی۔ کابینہ نے مالی سال 2019-20کے وسط سالہ (مڈ ائیر) جائزے کو قومی اسمبلی میں پیش کرنے کی بھی منظوری دی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ حکومت کی جانب سے سٹیٹ بنک سے کوئی قرضہ نہیں لیا جا رہا۔ وزیراعظم نے مشیر خزانہ کو ہدایت کی کہ ایف بی آر کی جانب سے ریونیو کے اہداف کو حاصل کرنے کے لئے جامع حکمت عملی بنائی جائے ۔کابینہ نے زائرین مینجمنٹ پالیسی پر بھی غور کیا ۔ معاون خصوصی نے بتایا وزیرِ اعظم نے پینشن اور حج فنڈ ز کے قیام کے حوالے سے وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور ڈاکٹر عشرت حسین پر مشتمل کمیٹی قائم کی ہے ۔ وفاقی کابینہ نے اجلاس کے آغاز میں وزیرِ اعظم کے معاون خصوصی اور دیرینہ دوست نعیم الحق مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔فردوس عاشق اعوان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سابق اٹارنی جنرل انور منصور نے وزیر اعظم کے کہنے پر اپنے عہدے سے استعفی دیا،وزیر اعظم نے یقین دلایا کہ وہ عدلیہ کی آزادی اور اس کے عزت و وقار اور قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں ۔انھوں نے کہا گندم کے حوالے سے بنائی گئی کمیٹی کو دو ہفتے کا وقت دیا گیا تھا،ایک ہفتے کا وقت گزر چکا ،ایک ہفتے بعد رپورٹ پیش ہوگی۔

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں