اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کے پسماندہ اور نظر انداز کئے گئے علاقوں کی ترقی موجودہ حکومت کی ترجیح ہے ، سکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ اوربہتر سڑکوں کی تعمیر سے مقامی اور بین الاقوامی سیاحوں کوسہولت ملنے سے گلگت بلتستان میں سیاحت کو مزید فروغ ملے گااور علاقے میں اقتصادی خوشحالی آئے گی، پاکستان کی متنوع اور دلکش مقامات کی حامل سیاحت پاکستان کا اثاثہ بن سکتا ہے ،سیاحت کے شعبہ میں گلگت بلتستان سے سالانہ 30 سے 40 ارب ڈالرحاصل کئے جاسکتے ہیں اور مقامی لوگوں کو روزگار کے وسیع مواقع بھی میسرآئیں گے ۔ سکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور سٹرٹیجک جگلوٹ سکردو روڈ کے افتتاح کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کوئی بھی ملک اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتا، جب تک پیچھے رہ جانے والے علاقوں کو اوپر نہیں اٹھایا جاتا،جب اقتدارسنبھالا تو اس وقت ہماری کوشش تھی کہ گلگت بلتستان، بلوچستان ، سابق فاٹا، اندرون سندھ اور جنوبی پنجاب سمیت دور درازاور پسماندہ علاقوں کو دیگر ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لائیں، یہاں پر غربت کی لکیر سے لوگوں کو نکالیں کیونکہ جس معاشرے میں غریب غریب تر اور امیر امیر تر ہو، یہ معاشی ناانصافی ہے ،کسی معاشرے میں خوشحالی کا اندازہ وہاں کے امیرلوگوں کی زندگی دیکھ کرنہیں بلکہ غریبوں کے رہن سہن کو سامنے رکھ کر لگایا جاتاہے ۔ وزیراعظم نے کہا ملک سے غربت کی کمی کے لئے پوری طرح کوشاں ہیں۔ وزیراعظم نے کہا سیاحت پاکستان کا اثاثہ بن سکتا ہے ، گلگت بلتستان کے مقابلہ میں سوئٹزر لینڈ کا رقبہ آدھاہے لیکن وہ سیاحت سے سالانہ 70 ارب ڈالر کماتے ہیں جبکہ پاکستان کی سالانہ کل برآمدات 30 ارب ڈالر تک ہیں۔انہوں نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کو ہدایت کی کہ وہ علاقے کی زمین کاپوری طرح دھیان رکھیں ،باہر سے لوگ یہاں آکر مہنگے داموں زمینیں خریدیں گے ، یہاں پہلے ہی زمین کم ہے ، یہاں ریزارٹ بنانے ہیں ،ان کے لئے اراضی رکھیں۔وزیراعظم نے کہا پاکستان میں مذہبی سیاحت کے بھی وسیع مواقع ہیں ، گندھارا تہذیب کے آثار ، کٹاس راج سمیت ہندوئوں کے لئے سیاحتی مقامات موجود ہیں، صوفی ازم کے لئے بڑی بڑی درگاہیں موجود ہیں۔ وزیراعظم نے کہا مقامی اورعالمی سطح پر اس علاقے میں سیاحت کے فروغ سے مقامی لوگوں کو فائدہ حاصل ہو گا، لوگوں کو روزگار کے لئے کہیں باہر نہیں جانا پڑے گا بلکہ باہر سے لوگ روزگار کی تلاش میں یہاں آئیں گے ۔ وزیراعظم نے کہا یہاں بجلی کا بہت بڑا مسئلہ ہے جس کے لئے وزیراعلیٰ نے ہائیڈرو الیکٹرک منصوبے کا اعلان کیا۔