پشاور(سٹاف رپورٹر)پشاورہا ئی کورٹ نے رویت ہلال کمیٹی کیخلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت اور چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن کو نوٹس جاری کردیا ہے ، گزشتہ روز پشاور ہا ئی کورٹ میں رویت ہلا ل کمیٹی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہو ئی ، کیس کی سماعت پشاور ہا ئی کور ٹ کے چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ ا ور جسٹس عبد الشکور پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی ، سماعت کے موقع پر درخواست گزار نے فاضل عدالت کو بتایا کہ ملک میں چاند کی رویت پر مسائل پیدا ہورہے ہیں ،دو،دوعیدیں منائی جاتی ہیں، درخواست گزار کا کہنا تھا کہ عدالت عید کا چاند دیکھنے سے کمیٹی کو روکیں، فاضل بنچ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کو عید سے پہلے سنیں گے ،فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہیں، وہ بھی اپنا جواب جمع کرائیں۔ فاضل عدالت نے وفاقی حکومت اور چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن کو نوٹس جاری کرتے ہو ئے ان سے 30 مئی تک جواب طلب کرلیا ہے ۔