محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی)پنجاب کی ٹیم نے منگل کے روز بہاولپور ریجن کے علاقہ چوک بہادر پور سے کالعدم تحریک طالبان پاکستا ن (ٹی ٹی پی) کے دو دہشت گردوں کو دھماکہ خیز مواد سمیت گرفتار کر کے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا‘ مبینہ دہشت گردوں میں سے غلام رحمان ظفر کا تعلق چورنگی کراچی اور شاہد کا تعلق بادامی باغ لاہور سے بتایا گیا ہے جبکہ صوبائی دا رالحکومت کے علاقہ جوہر ٹائو ن میں اگلے ہی دن بدھ کو بم دھماکہ سے 3 افراد جاں بحق اور 25 سے زائدزخمی ہو گئے ۔دھماکہ سے آس پاس کے متعدد گھروں کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔ ٹی ٹی پی اب بھی پاکستان کے لئے بڑا خطرہ ہے ۔ رواں ماہ کی تیرہ تاریخ کو بھی پشاور سے ٹی ٹی پی کے تین دہشت گردوں اور اپریل میں کراچی سے ٹی ٹی پی کے ایک دہشتگرد کو گرفتار کیا گیا تھا۔ اس قسم کے واقعات اس امر کی غماز ہیں کہ ملک دشمن عناصر خصوصاً کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دہشت گرد پھر سے ملک میںسرگرم عمل ہو رہے ہیں۔پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے کئی علاقوں میں آپریشن کرکے ٹی ٹی پی کا صفایا کیا ہے تاہم لاہور میں ہونے والے بم دھماکہ سے ظاہر ہوتا ہے کہ ٹی ٹی پی پنجاب کو پھر سے نشانہ بنائے ہوئے ہے۔ اب جبکہ پاکستانی کوششوں سے افغان مسئلہ حل ہونے جارہا ہے‘ ٹی ٹی پی کی موجودگی حالات کو خراب کرنے کا باعث بن سکتی ہے۔لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام حساس علاقوں میں سکیورٹی اقدامات سخت کئے جائیں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ نہ ہو۔