بنوں،راولپنڈی ، اسلام آباد (نمائندہ 92نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک، سٹاف رپورٹر )شمالی وزیرستان میں دیسی ساختہ بارودی سرنگ کے دھماکہ میں 3سکیورٹی اہلکار شہیدجبکہ ایک زخمی ہوگیا ہے ۔آ ئی ایس پی آر کے مطابق میرانشاہ میں دیسی ساختہ بارودی سرنگ کے دھماکے میں سپاہی ساجد ، بابر اور ریاست شہید جبکہ لانس نائیک حفیظ زخمی ہو گئے ہیں،زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ،واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن کردیاتاہم آخری اطلاعات آنے تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی تھی۔ شمالی وزیرستان میں سرحد پار سے فائرنگ کی گئی ، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، فائرنگ دتہ خیل میں واقعہ سبونہ چیک پوسٹ پر کی گئی، ادھر تحصیل سپین وام کے علاقہ ٹی ٹی مدا خیل کے نزدیک خیدر خیل میں بارودی مواد کا دھماکہ ہوا تاہم وہاں بھی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔فورسز نے جائے وقوعہ سے سراغ کتوں کی مدد سے ایک مشکوک شخص کو گرفتار کر لیا۔